• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شراب، تم کتنے مٹکے توڑو گے، ہر گھر سے مٹکا نکلے گا

کراچی (محمد اسلام) ماضی کی فلموں میں ایک سین کئی بار دیکھا ہے شاید آپ نے بھی دیکھا سین کچھ یوں تھا کہ ہیروئن کنویں سے مٹکے میں پانی بھر کے جارہی ہے اور ہیرو یا ولن پیچھے سے غلیل سے نشانہ لے کر اس کا مٹکا توڑ دیتا ہے۔ جن کی وجہ سے ہیروئن بھیگ جاتی ہے یا پھر پانی کی قلت کی وجہ سے احتجاج کرنے والی خواتین کو مٹکے توڑتے دیکھا ہے لیکن اب سندھ اسمبلی میں مٹکے توڑنے کی بازگشت سنائی دی ہے۔ نصرت سحر عباسی نے نشاندہی کی کہ گھروں میں کچی شراب بن رہی ہے جس پر اسپیکر آغا سراج درانی نے ریمارکس دیتے ہوئے یہ حل پیش کیا کہ جہاں بھی گھروں میں مٹکا دیکھے اسے توڑ دو مٹکا توڑنے سے پتہ چل جائے گا کہ شراب ہے یا نہیں۔ مجھے ڈر ہے جن بے قصور لوگوں کے مٹکے توڑے جائیں گے کہیں وہ یہ کہتے ہوئے سڑکوں پر نہ نکل آئیں گے ’’تم کتنے مٹکے توڑو گے ہر گھر سے مٹکا نکلے گا۔‘‘ سنا ہے بعض سیانوں نے فوری طورپر مٹکے کے بجائے صراحی خریدلی ہے۔ جناب اسپیکر! صرف مٹکے کا کیا قصور ہے شراب بوتلوں میں بھی ہوتی ہے پلیز بتائیے بوتلیں توڑنے میں کیا حرج ہے۔ دراصل توڑ پھوڑ سے ہی تعمیر کی صورت نکلے گی لہٰذا ایسی ہر چیز کو توڑ دینا چاہیے۔ حکیم شرارتی غریبوں کے بڑے ہمدرد ہیں انہوں نے ان غریبوں کے مٹکے توڑنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے جن میں صرف پینے کا پانی رکھا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ اس طرح غریبوں کے مٹکوں کی شامت آجائے گی۔ لہٰذا انہیں اپنے اپنے مٹکے بچانے چاہیں۔ حکیم شرارتی نے غریبوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگر ایسا ہوا تو وہ مٹکا بچائو مہم کی قیادت خود کریں گے۔ سندھ اسمبلی میں صوبائی وزیر ایکسائز مکیش کمار چائولہ نے بتایا کہ چوری چھپے بننے والی شراب کچی اور رجسٹرڈ شاپس میں پکی شراب فروخت ہوتی ہے شراب کچی ہو یا پکی حکیم شرارتی کا خیال ہے کہ دونوں کے ساتھ یکساں سلوک کرنا چاہیے۔ تاکہ کسی کو شکایت کا موقع نہ ملے۔ جناب اسپیکر! اگر آپ کی دلچسپ تجاویز پر عمل کیا جائے متعدد قومی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ لیکن قوم انہیں بھی سنجیدگی سے نہیں لے رہی بہر حال آپ کی ان خدمات پر حکیم شرارتی آپ کو رنگین سلام پیش کرتا ہے (کیونکہ سرخ سلام پرانی بات ہوگئی ہے) برادران اسلام ! یہ تلخ حقیقت ہے کہ آپ مٹکا توڑیں یا بوتل۔ مگر شراب چھوڑنی کچھ ایسا آسان کام نہیں ہے۔
تازہ ترین