• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ ماڈل ٹائون، ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، اپوزیشن رہنمائوں کا خطاب

لاہور( این این آئی)اپوزیشن رہنماؤں خورشید شاہ‘ میاں محمودالرشید‘چوہدری سرور‘منظوروٹو‘سیدمصطفیٰ کمال اورعلامہ ناصرعباس نے کہاہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزمان کو کیفر کردارتک پہنچائیں گے ‘حکومت کے خلاف ہم ہیں ‘رانا ثناءاللہ اورشہبازشریف کو جانا پڑے گا‘ظلم وبربریت کی سیاہ رات ختم ہوکررہے گی ‘ حکمرانوں کو گھر بھیجنے تک جدوجہد جاری رہے گی‘ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے ‘پہلے پنجاب اورپھر وفاق سے ان کی چھٹی کروانی ہے‘ ظالموں کو حساب دینا ہوگا۔بدھ کو مال روڈلاہورپراپوزیشن جماعتوں کے احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آج تمام سیاسی جماعتیں بغیر کسی تفریق کے اکٹھی ہیں ،ہم ایک ہیں اور ایک رہ کر آگے بڑھیں گے اوراس پاکستان کو قائم و دائم رکھیں گے‘خورشید نے کہا کہ یہ اجتماع بے گناہ لوگوں کے خون کا انصاف مانگ رہا ہے ، بچی زینب کا انصاف مانگ رہا ہے ‘لاہور میں بہائے گئے خون کا انصاف مانگ رہا ہے ‘یہ احتجاج نہیں بلکہ ہم انصاف مانگنے کے لئے یہاں پہنچے ہیں‘چار مہینے بچے ہوں یا ایک مہینہ باقی ہو انصاف کے لئے ایک دن بھی بڑا ہوتا ہے‘ جس ملک میں انصاف نہیں ملتا وہ ریاست تباہ ہو جاتی ہے‘ہم نے ریاست اورپاکستان کو بچانا ہے۔پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا کہ میں یہ سمجھتاہوں کہ عظیم الشان اجتماع کے بعد شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کو استعفیٰ دینا پڑے گا‘نواز شریف کا استعفیٰ بڑا مشکل تھا ،نواز شریف کہتا تھاکہ یہ روز مجھ سے استعفے کی بھیک مانگتے ہیں یہ منہ اور مسور کی دال لیکن پھر انہوں نے استعفیٰ دیا اور انشا اللہ شہباز شریف کا جانا بھی ٹھہر چکا ہے شام گیا کہ صبح گیا اس کو جانا ہوگا اور ظلم اور بربریت کی یہ سیاہ رات ختم ہو کر رہے گی ۔سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کرپشن دیمک نہیں بلکہ کیسر بن چکی ہے ۔
تازہ ترین