• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی منظرنامہ، حکمراں مسلم لیگ (ن) کو بڑے چیلنج کا سامنا

اسلام آباد(طاہر خلیل) حکمران پی ایم ایل(ن) کو اس وقت ایک بڑے چیلنج کا سامنا ہے اس کی نائو سیلاب میں گھری تندوتیز مخالفانہ تھپیڑوں کاشکار ہے، اس کا تقاضاتو یہ ہے کہ ملک کی بڑی سیاسی جماعت ہونے کے ناطے وطن عزیز کو غیر یقینی صورتحال سے نکالنے کیلئے پوری طرح متحد اور یک سو ہوکر سامنے آئے مگرافسوس! کہ جوں جوں وقت گزررہا ہے اس میں انتشار و افتراق بھی بڑھ رہا ہے، ایک پہلو یہ ہے کہ اسلام آباد میں قومی اسمبلی کااجلاس جاری ہے مگر کسی کو پارلیمانی بزنس سے دلچسپی نہیں، وزرا کی عدم موجودگی ایوان کا کورم ٹوٹنے کی ناپسندیدہ روایت کو فروغ دے رہی ہے،دوسرا پہلو ہے کہ شاخ نازک پہ آشیانہ بنائے میاں نوازشریف کو عمران خان، آصف زرداری، طاہر القادری اور چوہدری پرویز الٰہی ایسے حریفوں کی جانب سے لاہور میں ایک بار پھردعوت مبارزت دی گئی، اپوزیشن جلد ازجلد موجودہ حکمرانوں کی بساط لپٹنے کی آرزومند ہے اورتیسرے پہلو کی تازہ خبر ہے کہ چوہدری نثار علی خان چپ کا روزہ توڑنے پر تیار ہوگئے ہیں۔ پارٹی کے اندر جوکھچڑی پک رہی ہے اس پردوٹوک موقف کے ساتھ پچھلے چھ ماہ کے حالات و واقعات قوم کے سامنے رکھیں گے۔ سینیٹر پرویز رشید کے حالیہ بیانات پر انہوں نے کسی اشتعال کا مظاہرہ نہیں کیا چار روز قبل جب اسلام آباد میں اپنے دیرینہ دوستوں کو چائے پر بلایا تھا اس میں وہ پارٹی کے چلن پر خاصے برافروختہ تھے اور ان کا تاثر تھا کہ پارٹی کو ’’ ہائی جیک‘‘ کیا جارہا ہے اس حوالے سے چوہدری صاحب کو کافی سیریس تحفظات ہیں جس پر وہ اظہار خیال کرنا چاہتے تھے لیکن لاہور میں اپوزیشن کااحتجاج آڑے آگیا، جیسے ہی احتجاج سے لبریزسیاسی مطلع صاف ہوگا وہ میدان میں ہوں گے۔
تازہ ترین