• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایچ ای سی کے آئندہ چیئرمین کا تقرر میرٹ پر کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) یونیورسٹی اساتذہ کی نمائندہ تنظیم آل پاکستان یونیورسٹی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے آئندہ چیئرپرسن کی تقرری کے لئے وزیراعظم سے غیر جانبدار اور غیر سیاسی کمیٹی قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ انتخاب شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر ہو۔ ایچ ای سی کے موجودہ چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد کی میعاد 15اپریل 2018کو مکمل ہوجائے گی۔ توقع ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نئے چیئرمین ایچ ای سی کی تقرری کے لئے چند ہفتوں میں کمیٹی تشکیل دیں گے۔ وزیراعظم کے نام خط میں اساتذہ کی مذکورہ تنظیم نے وزیراعظم سے تقررکمیٹی کو سیاسی عناصر سے پاک رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑائچ اور اسلام آباد چیپٹر کے ڈاکٹر شہزاد اشرف چوہدری کے دستخطوں سے خط میں وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ اعلیٰ تعلیم کو ملازمتوں میں توسیع، غیر شفاف تقرریوں اور جانبداری و اقرباءپروری کے کلچر سے پاک کریں۔ اس وقت پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کو سنگین مسائل کا سامنا ہے جس سے اس کی ساکھ کو شدید دھچکا لگا۔ 2015سے گورننگ بورڈ کے بغیر کام ہورہا ہے اور ایچ ای سی کی کوئی سالانہ رپورٹ بھی شائع نہیں ہوئی۔ ایچ ای سی کا بجٹ 90ارب روپے ہے۔ حالیہ وقتوں میں اس کا نصف بھی مصرف میں نہیں لایا گیا جس کی وجہ سے جامعات ناگزیر انفرااسٹرکچر سے محروم ہیں۔ ایچ ای سی میں کنٹریکٹ پر اور عبوری تقرریوں کا دور دورہ ہے۔
تازہ ترین