• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مال روڈ احتجاج محض بہانہ، اصل نشانہ سینیٹ انتخابات ہیں ،تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ) ملک احتجاج کی آماجگاہ بن چکا ہے آج اس شہر تو کل اس شہر ، لاہور میں سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے احتجاج کا سلسلہ ایک بار پھر شروع جس کے بعد لاہور شہر کے کئی اسکول اورکالجز بند ہیں ، مال روڈ پر موجود دفاتر اور ہوٹلز ، شادی ہال کوبھی بند کردیا گیا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ احتجاج کا یہ سلسلہ کب تک جاری رہتا ہے یہ کہنا تھا جیو نیوز کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ کا آغاز کرتے ہوئے میزبان ہما امیر شاہ اور عبداللہ سلطان کا جنہوں نے مزید کہا کہ احتجاج عوام کے لئے پریشانی کا باعث بنتا ہے ،لیکن سوال یہ ہے کہ کیا احتجاج سے مسئلے حل ہوجاتے ہیں ۔ دھرنے کااین او سی ابھی تک جاری نہیں ہواہے لیکن اس کے باوجودروڈ بندکردیئے گئے ہیں اسکول اورکالجز بھی اس علاقے کے بند ہیں ۔ نواز شریف کو یہ جمہوریت کے خلاف سازش دکھائی دے رہی ہے ۔کہا یہ جارہا ہے کہ مال روڈ احتجاج محض بہانہ ہے اور اس کا اصل نشانہ سینیٹ انتخابات ہیں ، طاہر القادری کہتے ہیں جو ہوگا سب دیکھ لیں گے ، ان کو استعفے دینے ہوں گے ۔ رئیس انصاری بیورو چیف لاہور جیو نیوز کا کہنا تھا کہ احتجاج کا جواز ہونا چاہئے اس سے عوام کے لئے پریشانی ہوتی ہے ۔ جوڈیشل کمیشن کی سانحہ ماڈل ٹائون پر رپورٹ آچکی ہے ، جس پر اگر مسئلہ ہے تو عدالتوں میں جانا چاہئے ۔ ہائیکورٹ نے جلسے جلوس پر مال روڈ پر پابندی لگائی ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود اتنا بڑا پنڈال سج گیا ہے جس پر بات کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت احمد علی کا کہنا تھا کہ ہم تمام رہنمائوں اور جماعتوں کو بتاچکے ہیں کہ تھریڈ الرٹ ہے لیکن یہ لوگ اپنی سیاسی مقاصد کے حصول میں اتنے مگن ہیں ، عدالتوں میں آپ کے مقدمے ہیں اور آپ عدالتوں میں ہی اپنی شہادتیں لے کر نہیں جارہے ہیں اور اسی کے انصاف کے حصول کے لئے آپ دھرنا دے رہے ہیں یہ کیسا انصاف کا حصول ہے جو آپ عدالتوں سے نہیں لینا چاہ رہے ۔طالب علم اپنے تعلیمی مستقبل کی منصوبہ بندی کیسے کریں،دنیا کے نامور تعلیمی اداروں میں داخلہ کیسے لیا جائے ،یہ ایسے اہم سوالا ت ہیں جس سے ہر طالب علم کا مستقبل جڑا ہوا ہے لیکن معروف کیریئر کونسلر اظہر حسین عابدی نے جیو پاکستان کے ذریعے طالب علموں کے اس مستقبل کی منصوبہ بندی کو آسان بنادیا ہے ان کے پراثر اور کارآمد مشورے طالب علموں کے لئے ہمیشہ سے ہی رہنمائی کا ذریعہ رہے ہیں ۔ جنگ گروپ کے زیر اہتمام انٹرنیشنل ایجوکیشن ایکسپو کا انعقاد کامیابی سے جاری ہے جس کا پہلا پڑائو کراچی تھا جس میں طالب علموں او ران کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ طلبا و طالبات نے وہاں پر سینئر کیریئر کونسلر سید اظہر حسین عابدی سے مشورے بھی لئے ،انٹرنیشنل یونیورسٹیز کے نمائندوں سے ملاقات بھی کی ۔ 15جنوری کو یہ انٹرنیشنل ایکسپو لاہور میں سجا جہاں طالب علموں کی رہنمائی کے لئے 25 کے قریب بین الاقوامی یونیورسٹیز کے نمائندے موجود تھے ، جس کے بعد یہ ایکسپو فیصل آباد میں سجی او راب یہ ایکسپو اسلام آباد کے میرٹ ہوٹل میں آج (18جنوری ) دوپہر 12سے شام 7بجے تک موجود ہوگی ۔تجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی نے کہا کہ پارٹی کا دست شفقت چوہدری نثار کے بجائے پرویز رشید پر زیادہ نظر آتاہے دونوں ہی ن لیگ کے پرانے رہنما ہیں ، چوہدری نثار کا شمار تو ن لیگ کے بانیوں میں ہوتا ہے۔جیو پاکستان میں کراچی ایٹ فیسٹول میں پارک میں لگائے گئے اسٹال ہولڈرزکی جانب سے پارک میںکچرا پھینکنے اور جیو پاکستان میں اس کی خبر نشر ہونے پر کراچی ایٹ فیسٹول انتظامیہ نے اس کی فوری طورپر صفائی کروادی ہے اور ساتھ ہی ساتھ ان اسٹال ہولڈر کو جنہوں نے یہ کچرا وہاں پھینکا تھابلیک لسٹ کردیا گیا ہے ۔سیاسی موضوعات پر بات کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پرویز رشید خواہش مند ہیں کہ چوہدری نثار کو ن لیگ سے فارغ کردیا جائے ، دونوں رہنمائوں کے درمیان لفظی جنگ عروج پر ہے ، پرویز رشید کہتے ہیں چوہدری نثار پارٹی کی جان چھوڑ دیں تو چوہدری نثار کہتے ہیں پاک فو ج کے بارے میں مودی جیسی سوچ رکھنے والا شخص ن لیگ کا سیاسی وارث بن بیٹھا ہے جبکہ اس شخص کی بیشتر زندگی دوسری پارٹی میں گزری ہے ،نیوز لیکس رپورٹ منظر عام پر لائی جائے تاکہ بیان دینے والے شخص کے کرتوت سامنے آجائیں ،تو جواب میں پرویز رشید ان کو منافق کہتے ہیں ۔یہ لفظی جنگ جاری ہے جس پرتبصرہ پیش کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی نے کہا کہ پارٹی کا دست شفقت چوہدری نثار کے بجائے پرویز رشید پر زیادہ نظر آتاہے دونوں ہی ن لیگ کے پرانے رہنما ہیں ، چوہدری نثار کا شمار تو ن لیگ کے بانیوں میں ہوتا ہے ، کسی بھی قومی جماعت میں مختلف سوچ رکھنے والے افراد اپنا سفر جاری رکھ سکتے ہیں، بشرط یہ کہ وہ ایک دوسرے سے الجھے نہ ۔ چوہدری نثار کا ن لیگ چھوڑنے کا تصور کوئی آسان نہیں ہے ، اس وقت چوہدری نثار کا جو نکتہ نظر ہے اس کے حامی بھی پارٹی میں موجود ہیں خود شہباز شریف بھی کم و بیش وہی سوچ رکھتے ہیں جو چوہدری نثار علی کی ہیں لیکن جس طرح سے وہ اظہار کررہے ہیں ان کے ہم خیال عناصر اس طرح سے اظہار کرنا مناسب نہیں سمجھتے ہیں ۔پاکستان کے نامورمصور منصور عبدالرحمٰن چغتاتی کی 43 ویں برسی پر ان کو جیو پاکستان کی جانب سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بتایا گیا 21 ستمبر 1897 کو لاہور میں پیدا ہوئے ،تاج محل آگرہ ، جامع مسجد دہلی اور لال قلعہ کے نقشے تیار کرنے والے استاد احمد لوہاری کے خاندان سے ان کا تعلق تھا ۔ 1919ء میں مصوری کا منفرد انداز اپنایا ، 1928 میں مرقع چٹائی میں غالب کی شاعری کی مصورانہ تشریح کی ۔ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کے مونو گرام بھی تیار کئے جبکہ ممتا ز شاعر محسن بھوپالی کی 11ویں برسی پر ان کو بھی جیو پاکستان کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا گیا اور بتایا گیا کہ 29 ستمبر 1932ء کو بھوپال کے قریب سہاگ پور میں پیدا ہوئے۔
تازہ ترین