• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کو 50کروڑ ڈالرز خسارے کا خدشہ

اسلام آباد(خالد مصطفیٰ)پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کو 50کروڑ ڈالرز کے خسارے کا خدشہ ہے کیوں کہ حکومت بھارت سے روئی درآمد کے نظر ثانی شدہ پرمٹ کے اجراء میں تاخیر سے کام لے رہی ہے۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما)کے مشیر شاہد ستار نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ ٹیکسٹائل صنعت کو برآمداد میں بہتری کے لیے بھارتی روئی کی ضرورت ہے اور ہم کافی عرصے سے وزارت نیشنل فوڈ ، سیکوریٹی اور ریسرچ کو بھارت سے روئی کی کلیئرنس سے متعلق آگاہ کرتے رہے ہیں۔تاہم متعلقہ وزارت سے اس پر کان نہیں دھرے، نتیجہ یہ ہوا کہ ٹیکسٹائل صنعت کو بڑا خسارہ اٹھانا پڑا اور سرمایہ کاری مشکل ہوگئی ہے اور اب بھارت سے روئی کی درآمدادکے نظر ثانی شدہ پرمٹ کے اجراء میں تاخیر سے ٹیکسٹائل صنعت کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔تاہم ، وزارت نیشنل فوڈ سیکوریٹی کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہےکہ ہمیں اپٹما کی جانب سے حال ہی میں خط موصول ہوا ہے اور ہم اس حوالے سے مثبت انداز میں سوچ بچار کریں گے۔یہ خط ’’روئی کی درآمداد کے مسائل‘‘کے عنوان سے 16جنوری، 2017کو سیکریٹری ، وزارت نیشنل فوڈ سیکوریٹی ، فضل عباس میکان کو لکھا گیا تھا ، جس کی کاپی دی نیوز کے پاس بھی موجود ہے۔
تازہ ترین