• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوپنڈ کو قریشی روڈ سے ملانے کا منصوبہ شروع نہ کئے جانے کیخلاف مظاہرہ

سکھر (بیورو رپورٹ) تحریک انصاف ضلع سکھر کی جانب سے نیوپنڈ کو قریشی روڈ سے ملانے کا منصوبہ شروع نہ کئے جانے ، متاثرین کو معاوضہ ادا نہ کرنے اور علاقے میں مفلوج نکاسی آب کے نظام کی عدم درستگی کیخلاف امان اللہ چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے ٹائروں کو نذر آتش کر کے انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرے کی قیادت پی ٹی آئی ضلع سکھر کے صدر مبین جتوئی و دیگر کررہے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے 6ماہ قبل نیوپنڈ کو قریشی روڈ سے ملانے کا منصوبہ شروع کیا تھا اور اس دوران متعدد دکانوں کا کچھ حصہ مسمار بھی کیا گیا، متاثرین کو تاحال معاوضہ بھی ادا نہیں کیا گیا ہے اور منصوبے پر کام بھی شروع نہیں کیا جارہا ہے، جس کی وجہ سے علاقے میں نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہوگیا ہے، جگہ جگہ گندے پانی کے جوہڑ بننے سے علاقہ مکینوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور مذکورہ علاقے میں دکانداروں کا کاروبار بھی بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ نیوپنڈ کے مکینوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے، ترقیاتی منصوبہ شروع نہ ہونے سے نیوپنڈ کے مکین شدید مشکلات سے دوچار ہے مگر انتظامیہ اس حوالے سے کوئی اقدامات کرتی دکھائی نہیں دے رہی ہے، جس کی وجہ سے مکینوں میں شدید غم و غصہ پھیل رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نیوپنڈ کے مکینوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں، متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبہ فوری طور پر شروع کرکے مکمل کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کرینگے۔
تازہ ترین