• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر پور خاص، جمڑاؤکینال منصوبے کی تحقیقات کیلئے نیب ٹیم کی آمد

میرپورخاص(نامہ نگار)10ارب روپے کی لاگت سے جمڑاؤ کینال کو پختہ کرنے کے منصوبے پر ہونے والے کام اور دیگر معاملات کے الزامات کی تحقیقات کے لئے نیب کی اعلیٰ سطح کی ٹیم میرپورخاص پہنچ گئی۔اطلاعات کے مطابق میر پورخاص سمیت مختلف اضلاع سے گزرنے والی جمڑاؤ نہر کو 60میل پختہ کرنے کے لئے 2016میں تقریباً 10ارب روپے کی لاگت سے میگا پروجیکٹ کے تحت کام شروع کیا گیا تھاجس میں 37میل نہر کو پختہ کردیا گیا۔2017میں منصوبہ کے تحت پختہ کی جانے والی نہر میں جب پانی چھوڑا گیا تھا تو مختلف مقامات پر نہروں کی دیواروں کے لیکیج ہونے اور تعمیرات سے متعلق آبادگاروں کی شکایات سامنے آئی تھیں۔ آبادگاروں کی شکایت اور مبینہ عدالتی احکامات پر محکمہ آبپاشی کے اربوں روپے کے دیگر منصوبوں اور دیگر معاملات کے بعد جمڑاؤ کینال کو پختۃ کرنے کے میگا پرجیکٹ کے تحت ہونے والے کام کی کوالٹی اور دیگر معاملات کے الزامات کی تحقیقات کا بھی آغاز ہوگیا ہے اور اس سلسلہ میں قومی احتساب بیورو کی ایک ٹیم نے میرپورخاص پہنچ کر اپنی کارروائی شروع کردی ہے۔ذرائع کے مطابق ریکارڈ کی ابتدائی چھان بین کرنے کے بعد نیب کی ٹیم نے موقع پر جاکر بھی معائنہ کیا ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جمڑاؤ کینال کو پختۃ کرنے کا کام شروع کرنے کے لئے کینال کے دو طرفہ کثیر تعداد میں موجود قدیم قیمتی کاٹ دیئے گئے تھے جس کے بارے میں زبان زدعام ہے کہ اس میں بھی بڑی بے قاعدگیاں ہوئی تھیں اور کروڑوں روپے مالیت کے درخت فروخت کردیئے گئے تھے،عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نیب اس معاملہ کی بھی تحقیقات کرے۔
تازہ ترین