• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق پولیس اہلکارسمیت7 ملزمان عدم ثبوت پر بری

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) فرسٹ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حیدرآباد نے جیل ٹرائل کے دوران جھگڑے کے مقدمہ میں گرفتار سابق پولیس ہیڈ کانسٹیبل یعقوب پنہور سمیت 3 ملزمان کو عدم ثبوت پر بری اور منشیات رکھنے کے الزام میں قید ملزمہ کی ضمانت منظور کرلی، جبکہ دیگر عدالتوں نے منشیات رکھنے اور پولیس مقابلے کے 4 الگ الگ مقدمات میں نامزد چار ملزمان کو عدم ثبوت پر بری کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق فرسٹ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حیدرآباد نے سینٹرل جیل حیدرآباد میں مقدمہ کی سماعت کے دوران سائٹ تھانے میں درج پنہور برادری کے درمیان جھگڑے کے مقدمہ میں نامزد سابق پولیس ہیڈ کانسٹیبل یعقوب پنہور، عبدالغفور پنہور اور غلام رسول کو فریقین کے درمیان باہمی تصفیہ پر بری کردیا ۔ اسی عدالت نے سٹی تھانے کی حدود سے چرس رکھنے کے الزام میں ویمن جیل میں قید مسماۃ یاسمین کی وکلا کے دلائل کے بعد 40 ہزار روپے کی ضمانت منظور کرلی ہے۔ علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حیدرآباد نے ٹنڈو جام تھانے کی حدود سے منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار ملزم محمد عرس جمالی کو اور ایکسائز کرائم برانچ تھانے میں درج چرس رکھنے کے الزام میں گرفتار ملزم نعیم پٹھان کو عدم ثبوت پر بری کردیا ہے۔ 8th ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حیدرآباد نے راہوکی تھانے میں درج پولیس مقابلے کے دو الگ الگ کیسز میں گرفتار دو ملزمان بشیر ولد لاہوت بلوچ اور عظیم عرف بابو ولد آچر ملاح کو عدم ثبوت پر بری کردیا ہے۔
تازہ ترین