• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہیل عباس ورلڈالیون میں شمولیت،ممکنہ قیادت سے لاعلم

کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تجربے کار عالمی شہرت یافتہ فل بیک سہیل عباس سے رابطہ کیے بغیر ورلڈ الیون کا حصہ بنادیا جس سے پاکستان میں عالمی ہاکی کو بحال کرنے کی اپنی ہی کوششوں کو پی ایچ ایف نے دھچکہ لگادیا۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے سہیل عباس نے کہا کہ انہوں نے میڈیا سے ہی ٹیم میں اپنی شمولیت اور قیادت دینے کے بارے میں سنا ہے جبکہ پی ایچ ایف کے کسی بھی عہدے دار یا آفیشل نے ان سے رابطہ نہیں کیا۔ پی ایچ ایف نے ہال آف فیم فہرست میں پنالٹی کارنر ایکسپرٹ کو شامل نہیں کیا ہے۔ 42سالہ سہیل عباس نے کہا کہ میرا نام ہال آف فیم میں نہیں رکھا گیا تو میں کیا کرسکتا ہوں، واضح رہے کہ پی ایچ ایف نے ہاکی ’’ہال آف فیم ‘‘کے تحت 10 سابق کھلاڑیوں، جن میں 6 پاکستانی کھلاڑی شامل ہیں، انہیں فی کس پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا ہے، جنگ کو معلوم ہوا ہے کہ ورلڈ الیون کے خلاف میچ کو انٹر نیشنل مقابلے کا درضہ حاصل نہیں ہوگا یہ نمائشی میچز ہونگے۔ دریں اثنا پاکستان کے خلاف دو میچوں میں حصہ لینے کے لئے ہاکی ورلڈ الیون کے مزید کھلاڑی بدھ کی شب کراچی پہنچ گئے۔ ائیر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسپین کے لیجنڈ جان اسکارے نے کہا کہ1994کی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کیخلاف میچ یاد گار لمحہ تھا۔ اسپین نے واحد چیمپئنز ٹرافی بھی پاکستان میں ہی جیتی تھی۔ جان اسکارے نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ حسین یادیں وابستہ ہیں، امید ہے یہاں میچ کھیل کر اچھا لگے گا، پہلے بھی پاکستان آ چکا ہوں، پاکستان آکر اچھا لگ رہا ہے، امید ہے شائقین بھی نمائشی میچز کو انجوائے کریں گے۔ آسٹریلین پلیئر گرانٹ شوبرٹ نے کہا ہے کہ کراچی اور لاہور میں میچ کھیلنے کے لئےبہت زیادہ پرجوش ہوں، پاکستان آنے میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا ،امید ہے دونوں میچز بہت زیادہ دلچسپ ہوں گے۔ سہیل عباس میرے پسندیدہ کھلاڑی ہیں، ہالینڈکے پال لیجن نے کہا ہے کہ ماضی کی عالمی نمبر ون پاکستانی ٹیم کی موجودہ صورت حال پر س دکھ ہوتا ہے۔ 
تازہ ترین