• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ الیون سے میچز کیلئے جونیئرز پر مشتمل پاکستان ہاکی ٹیم کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نےورلڈ الیون کے خلاف دو میچوں کے لئے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔چیف سلیکٹر اصلاح الدین کی سر براہی میں سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کی پریکٹس دیکھی، ان کے ساتھ سلیکٹرز فرحت خان، قاسم خان، مصدق حسین اور ایاز محمود بھی موجود تھے۔ ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف سلیکٹر اصلاح الدین نے ورلڈ الیون کے خلاف جونیئر کھلاڑیوں کو آ زمانے کے پی ایچ ایف کے فیصلے کو درست قرار دیا اور کہا کہ اس سے نئے اور جونیئر کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا، ہم نے کامن ویلتھ گیمز اور ورلڈ کپ کو سامنے رکھ کر ٹیم کا انتخاب کیا ہے، منتخب کھلاڑی ارجنٹائن کے خلاف سیریز میں بھی شرکت کریں گے۔ 20 رکنی ٹیم کا اعلان پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری اولمپئن شہباز نے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم پر دو روزہ ٹرائلز کے بعد کیا گیا ۔جنید منظور کپتان اور رضوان علی نائب کپتان ہونگے ۔ دیگر کھلاڑیوں میں وقار یونس اور عادل رائو (گول کیپرز)، ریحان بٹ ، معین شکیل، عدیل لطیف، شاہ زیب خان ، غضنفر علی ، امجد علی اور ابراہیم (ڈیفنڈرز)، افراز حکیم، عمیر ستار، نوید عالم، اویس ارشد، رانا وحید، احمد ندیم، ایم الیاس، وقار علی اور ذاکر اللہ (فاروڈز) شامل ہیں ۔ علی رضا، حماد انجم، مرتضیٰ یعقوب، ذہان بٹ،عمر بلال اور اکمل حسین کو اسٹینڈ بائیز میں رکھا گیا ہے ۔ اولمپئن قمر ابراہیم ہیڈ کوچ ، کامران اشرف منیجر کو کوچ جبکہ عاصم رضوی بطور انالسٹ ٹیم کے ساتھ رہیں گے ۔ دومیچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو کراچی جبکہ دوسرا میچ اتوار کو لاہور میں کھیلیں گے ۔سینئر ہاکی ٹیم کے کوچ اولمپئن حسن سردار نے بھی ٹرائلز دیکھے۔
تازہ ترین