• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی نمبر 1بھارتی کرکٹ ٹیم کو گھر سے نکلتے ہی دوسری شکست، سنچورین ٹیسٹ ہارا سیریز بھی گنوادی

سنچورین (نیوز ایجنسیز) بہترین فارم اور خود اعتمادی کے ساتھ جنوبی افریقا جانے والی دنیا کی نمبر ایک بھارتی کرکٹ ٹیم کی خوش فہمی دور ہوگئی۔گھر سے نکلتے ہی مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پروٹیز نے دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز اپنے نام کرلی۔ ہوم گرائونڈز پر ڈبل سنچریز بنانے والے بڑے بڑے بیٹسمین سنچورین ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں سب ملا کر بھی 200 رنز کا ہندسہ عبور نہ کرپائے۔ٹیم کی سنچری مکمل ہونے تک سات کھلاڑی مایوس کی تصویر بنے ڈریسنگ روم میں بیٹھے تھے۔ کوہلی الیون 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بدھ کو میچ کے آخری روز 150 پر ڈھیر ہوکر میچ 135 رنز سے ہار گئی۔ بھارت کا جنوبی افریقا میں 25 برس میں پہلی ٹیسٹ سیریز جیتنے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔ بھارتی ٹیم نے 1992-93 میں پہلی بار جنوبی افریقا کا چار ٹیسٹ کی سیریز کے لئے دورہ کیا تھا جہاں اسے 0-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ اس کے مجموعی طور پر ساتویں دورے میں چھٹی ہار ہے۔ ایک سیریز ڈرا ہوئی ہے۔ لنگی نگیڈی نے دوسری بار میں چھ بھارتی سورمائوں کو زمین چاٹنے پر مجبور کیا۔ چھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ تیسرا اور آخری ٹیسٹ24 جنوری سے جوہانسبرگ میں شروع ہو گا۔ بدھ کو بھارت نے 287رنز ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری نامکمل اننگز 3وکٹوں کے نقصان پر 35رنز دوبارہ شروع کی تو چیتشور پجارا 11اورپارتھیو پٹیل 5رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے لیکن دن کا آغاز ہوتے ہی بھارت کو دو بڑے جھٹکے لگ گئے ۔ پجارا 19 رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے ہیں جبکہ پٹیل بھی 19 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ چھٹی وکٹ83رنز پر گری جب ہردیک پانڈیا 6 رنز بنا کر میدان چھوڑنے پر مجبور ہوئے ۔ 141 کے اسکور پر بھارت کی آخری امید بھی دم توڑ گئی جب روہت شرما 47 رنز بنانے کے بعد ربادا کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ اس کے بعد بھارتی ٹیم کی مزاحمت دم توڑ گئی اور باقی میچ محض رسمی کارروائی رہ گیا۔ بھارت کی جانب سے مرلی وجے9، کے ایل راہول4، چتیشورا پجارا 19، کوہلی5، پارتھیو پٹیل19، روہت شرما47، ہردیک پانڈیا 6، روی ایشون3، محمد شامی28 ا ور جسپریت بمراہ2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی نگیڈی نے6 جبکہ کاگیسو ربادا نے3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کے لنگی نگیڈی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔  
تازہ ترین