• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کراچی میں ڈینگی وائرس کے 7کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور رواں سال متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد57ہوگئی ہے جن میں 3کیسز صوبے کے دیگر دیہی اضلاع کے بھی شامل ہیں ۔ڈینگی پری وینشن اینڈ کنٹرول پروگرام کے جاری اعدادو شمار کے مطابق بدھ کو کراچی کے مختلف اسپتالوں میں لائے 7افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ، رواں سال صوبے میں متاثرہ کیسز کی تعداد57ہوگئی ہے جن میں 54کیس کراچی اور3دیہی اضلا ع کے شامل ہیں ۔قبل ازیں بدھ کو ڈینگی پری وینشن اینڈ کنٹرول پروگرام اور ملیریا کنٹرول پروگرام کی جانب سے اورنگی ٹاؤن کے علاقے قصبہ کالونی میں ڈینگی اور ملیریا سے بچاؤ کے لیے آگاہی سیشن منعقد اور علاقے میں مچھروں کے خاتمے کے لیے اسپرے بھی کیا گیا جبکہ ضلع جنوبی کے علاقے کلفٹن کے قریب ٹائرشاپس میں آگاہی پفلٹ تقسیم کیے گئے ۔ واضح رہے کہ سال2017میں ڈینگی سے2927 متاثرہ کیس رپورٹ ہوئے اور12افراد کی موت واقع ہوئی تھی۔
تازہ ترین