• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چھ ہائوسنگ سوسائٹیوں میں 12ارب کرپشن کی نشاندہی ہوئی ،رجسٹرار

Todays Print

اسلام آبا د(نمائندہ جنگ)سینیٹ ذیلی کمیٹی برائے کیبنٹ سیکریٹریٹ کا اجلاس کنونیئر کمیٹی سینیٹر کلثوم پروین کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسلام آباد کی ہاؤسنگ سوسائیٹیوں کو ریگولیٹ کرنے کے حوالے سے سی ڈی اے قوانین ، رولز میں اسلام آباد انتظامیہ کی مشاورت سے کی گئی ترمیم،سینیٹر ہدایت اللہ کی انٹیلی جنس بیوروہاؤسنگ سوسائٹی کے حوالے سے عوامی عرضداشت کا تفصیل سے جائز ہ لیا گیا۔ سینیٹر ہدایت اللہ نے ذیلی کمیٹی کو بتایا کہ انٹیلی جنس بیورونے گلبرگ میں ہاؤسنگ سوسائٹی قائم کی ہے۔ انٹیلی جنس بیورو کا کام عوام کو دہشت گردی سے چھٹکارہ اور سیکورٹی فراہم کرنا ہےمگر اس ادارے کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کرپشن کا بازار گرم ہوچکا ہے۔ لوگوں کو بغیر نوٹس کیے واجبات وصول کرتے ہیں اور جن لوگوں نے 2013سے پلاٹوں کی قیمت پوری ادا کردی ہے نہ ہی انہیں قبضہ دیا جارہا ہے بلکہ حیلے بہانوں سے ان سے اضافی پیسے چارج کیے جارہے ہیں۔ جس پر رجسٹرار کوآپریٹوہائوسنگ سوسائٹیزاسلام آباد محمد علی نے کہا کہ اگر کسی ممبر کو کسی بھی سوسائٹی کے حوالے سے کوئی شکایت ہے تو درخواست دے، 60دن کے اند ر ازالہ کیا جائے گا۔ کنوینر کمیٹی کلثوم پروین نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ سے معلومات مانگی تھی وہ فراہم نہیں کی گئیں۔ آئندہ اجلاس میں معلومات فراہم کی جائے ۔ کسی بھی ادارے کا قانون سے بالاتر کام کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انٹیلی جنس بیورو سوسائٹی آئندہ اجلاس میں تفصیلی بریف دے۔ رجسٹرار محمد علی نے کہا کہ 6سوسائٹیوں کے آڈٹ کرائے گئے جن میں 12ارب سے زائد کی کرپشن کی نشاندہی ہوئی ہے۔فیڈرل ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی نے 7.5ارب ، سوہاں گارڈن ہاؤسنگ سوسائٹی میں 2.56ارب، جموں وکشمیر سوسائٹی میں 1.7ارب ، سینیٹ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں 32کروڑ ، او جی ڈی ایل میں 670ملین اور گارڈن کوآپریٹو سوسائٹی میں 20ملین کی کرپشن سامنے آئی ہے۔جس پر کنوینر کمیٹی نے کہا کہ جن لوگوں پر کرپشن کے الزامات ہوتے ہیں انہیں ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دی جائے۔ سی ڈی اے اور آئی سی ٹی سے جتنی معلومات مانگی تھی آئندہ اجلاس میں فراہم کی جائے۔ سینیٹر کلثوم پروین نے ممبر سی ڈی اے پلاننگ اسد کیانی کو ہدایت دی کہ میاں محمد سومرو کےہسپتال کو بجلی کےکنکشن کیلئے سی ڈی اے این او سی جاری کرے۔ گزشتہ چار اجلاس سے یہی مسئلہ حل کرنے کا بارہا کہا گیا ہے آئیسکو حکام کو بھی کمیٹی میں بلایا جائے اور وجہ پوچھی جائے۔ اسد کیانی نے کہا کہ ہسپتال کا نقشہ پاس کرا یا جا ئے۔ کمیٹی نے پوچھا کہ پارک روڈ پر قائم پنجاب کیش اینڈ کیری کو کیسے کنکشن دیا گیا ہے؟ ممبر پلاننگ نے کہا کہ اس نےسڑک کی جگہ پربھی قبضہ کیا ہوا ہے۔ سی ڈی اے بائی لاز کی کھلی خلاف ورزی کی گئی ہے اس کے خلاف ایکشن لیا جا ئے گا اور تجاوزات کا خاتمہ کیا جا ئے گا۔کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرحاجی سیف اللہ خان بنگش، کامل علی آغااور ہدایت اللہ کے علاوہ رجسٹرار اسلام آباد محمد علی ، ممبر پلاننگ سی ڈی اے اسد کیانی و دیگر حکام نے شرکت کی۔

تازہ ترین