• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممتاز صحافی، کالم نگار، شاعر، ڈرامہ نویس منو بھائی طویل عرصہ بیمار رہنے کے بعد 84سال کی عمر میں جمعہ کی صبح لاہور میں انتقال کر گئے۔ وہ اپنی نصف صدی سے زائد طویل صحافتی زندگی میں تادم مرگ 36برس ادارہ جنگ سے وابستہ رہے۔ 2007میں صحافتی اور ادبی شعبے میں شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ صدر ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، چیئرمین سینیٹ رضا ربانی، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپنے الگ الگ پیغامات میں ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منو بھائی کی ادبی اور صحافتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ منو بھائی 6فروری 1933کو گوجرانوالہ کی تحصیل وزیر آباد میں پیدا ہوئے۔ اصل نام منیر احمد قریشی تھا۔ ابتدائی تعلیم وزیرآباد سے ہی حاصل کی جبکہ گورنمنٹ کالج اٹک سے گریجویشن کیا اور لاہور آکر ریلوے میں ملازم ہو گئے۔ کچھ ہی عرصہ بعد یہ ملازمت چھوڑ کر صحافت کے شعبے میں طبع آزمائی کی غرض سے ایک موقر اخبار میں ٹرانسلیٹر مقرر ہو گئے جلد ہی خود کو اپنے کالم ’’گریبان‘‘ کے ذریعے متعارف کرایا۔ اسی حیثیت سے وہ 1981میں ادارہ جنگ سے وابستہ ہوئے۔ 1982میں ان کی تحریر کردہ طویل اردو ڈرامہ سیریل ’’سونا چاندی‘‘ پی ٹی وی پر بہت مقبول ہوئی جس میں انہوں نے پاکستانی معاشرے میں عورت کی ذمہ داریوں کو اجاگر کیا۔ منو بھائی کی تحریروں میں معاشرے کے نظر انداز کئے جانے والے پہلو نمایاں ہیں۔ وہ خود کہا کرتے تھے کہ میں نے اپنی زندگی میں عام لوگوں سے بہت کچھ سیکھا۔ منو بھائی کے صحافتی کیریئر میں وہ غیر جمہوری ادوار بھی شامل ہیں جب صحافت پر سخت ترین سنسر شپ تھی لیکن وہ مسلسل بڑے حوصلے سے لکھتے رہے۔ منو بھائی کے انتقال سے صحافت کا ایک باب بند ہوا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔

تازہ ترین