• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس مقا بلوں سے دہشتگردی ختم نہیں ہوسکتی، ججز انصاف دینے کے سوا سب کام کررہے ہیں، بلاول بھٹو

Todays Print

لاہور‘کراچی (ایجنسیاں )چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے کہ ججز انصاف کی فراہمی کے علاوہ تمام کام کررہے ہیں اوران کی زیادہ توجہ سیاسی معاملات پر ہے جس کی وجہ سے انصاف کی فراہمی متاثر ہورہی ہے۔اتوارکو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر اظہارِخیال کرتے ہوئے بلاول بھٹوکا کہناتھاکہ قانون کے مطابق عدالتی اصلاحات کمیشن کا اجلاس سال میں چار بار ہوتا ہے مگر 2015 سے اجلاس ہی نہیں بلوایا گیا ۔ ججز سیاست دانوں والا کردار ادا کررہے ہیں اور ان کی اپنے کام کے سوا دیگر کاموں پر توجہ کے باعث انصاف کی فراہمی متاثرہورہی ہے۔علاوہ ازیں اتوارکو پی پی میڈیاسیل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہناتھاکہ راؤ انوار کو فیئرٹرائل کا حق ملنا چاہئے لیکن پولیس مقابلوں سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوسکتا اس لئے ملک بھر میں پولیس مقابلوں پر پابندی عائد کی جائے‘زرداری شیروں کا شکاری ہے اوروہ نکل آیاہے‘ سینیٹ انتخابات ہونے چاہئیں اور پیپلز پارٹی سینیٹ انتخاب میں ن لیگ کو شکست دے گی‘میں اکیلا کچھ نہیں کرسکتا‘عوام ہماراساتھ دیں‘ پیپلز پارٹی مثبت اور ایشوزکی سیاست جبکہ باقی جماعتیں منفی اور گالم گلوچ کی سیاست کر رہی ہیں ‘عمران خان نے ہر موقع پر متحدہ اپوزیشن کوتقسیم کیا‘پیپلز پارٹی نے رکنیت سازی مہم کا آغاز کردیا ہے عوام سے اپیل کرتاہوں کہ وہ زیادہ سے زیادہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں اور رکنیت حاصل کریں ۔ بلاول بھٹونے مزیدکہاکہ پانچ برسوں میں پیپلز پارٹی نے پورے ملک کی سیاست کی ‘ملک بھر میں جلسے کئے لیکن دو جماعتوں نے صرف جی ٹی روڈ کی سیاست کی ہے‘انہوں نے کہا کہ میں اکیلا کچھ نہیں کرسکتا اس لئے میں پاکستانی عوام کو آواز دیتا ہوں کہ وہ بھٹو کے نواسے اورشہید بی بی کے بیٹے کا ساتھ دیں‘ہم پر کسی کو تنقید کرنی ہے ضرور کرے یہ سب کا حق ہے لیکن ہم صرف عوام کے مسائل اور ایشو کی سیاست کرناچاہتے ہیں ‘عوام ہماراساتھ دیں ‘انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبے میں ڈیلور کیا ہے‘6 لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالا ہے‘ بلا سود قرضے دیئے جارہے ہیں کہ لوگ کاروبار کریں‘ہم ترقی یافتہ پاکستان بنانا چاہتے ہیں،ترقی پسند سوچ رکھنے والوں کو نفرت کی سیاست سے نکلنا ہوگا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ہتھیار نہیں ہیںلیکن ہم اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں متحدہ اپوزیشن کے جلسے کے حوالے سے ڈاکٹر طاہر القادی نے خود کہا کہ جب آصف علی زرداری جلسے سے گئے تو لوگ بھی اٹھ کر چلے گئے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پیپلز پارٹی ہر جگہ موجودہے‘ہم متحدہ اپوزیشن چاہتے ہیں ہم پارلیمنٹ کے ذریعے ہرکام کرنا چاہتے ہیں ہم نے وزیر اعظم کے انتخاب کے دوران بھی مشترکہ امیدوار لانے کی کوشش کی لیکن عمران خان نے اپنا امیدوار نامزد کردیا ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی ن لیگ کا مقابلہ کر سکتی ہے اور زرداری شیروں کا شکاری ہے وہ نکل آیا ہے۔

تازہ ترین