• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سول اسپتال حیدرآباد، 150اسامیوں کیلئے 5ہزار امیدوار پہنچ گئے

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سول اسپتال حیدرآباد اور جامشورو میں 150خالی اسامیوں پر واک ان انٹرویو کیلئے 5ہزار سے زائد بے روزگار پہنچ گئے جس کی وجہ سے انٹرویو بدنظمی کا شکار ہوگیا، داخلی راستے سے جگہ نہ ملنے پر امیدوار دیواروں پر چڑھ گئے، لمس انتظامیہ نے انٹرویو منسوخ کردیئے، نئی تاریخ کا اعلان کمیٹی کی مشاورت کے بعد کیا جائیگا جبکہ پولیس نے لاٹھی چارج کرکے امیدواروں کو منتشر کیا۔ تفصیلات کے مطابق سول اسپتال حیدرآباد و جامشورو میں 150 سے زائد اسامیوں پر 5 ہزار سے زائد امیدوار انٹرویو دینے کے لئے پہنچ گئے۔ انٹرویوز لمس اسپتال او پی ڈی حیدرآباد میں منعقد ہونے تھے۔ انٹرویو میں شرکت کے لئے حیدرآباد، جامشورو سمیت سندھ کے دیگر اضلاع سے بڑی تعداد میں آنے والے نوجوانوں کو کئی گھنٹے لائنوں میں کھڑا کیا گیا جہاں تکلیف دہ انتظار کے بعد امیدواروں کو انٹرویو منسوخ ہونے کی اطلاع دی گئی۔ انٹرویو ملتوی ہو نے پر بے روزگار نوجوان مایوس اور مشتعل ہوگئے اور نعرے بازی کرکے اپنے غصہ کا اظہار کیا۔ بڑی تعداد میںاو پی ڈی لمس پہنچنے والے نوجوانوں کے درمیان دھکم پیل کی وجہ سے او پی ڈی کے بیرئیر اور داخلی دروازہ بھی ٹوٹ گیا جبکہ داخلی راستے سے جگہ نہ ملنے پر امیدوار دیواروں اور چھتوں پر چڑھ گئے جس پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کرکے رش کو کنڑول کیا جس پر امیدوار نوجوان منتشر ہوگئے۔ ”جنگ“ کے رابطہ کرنے پراے ایم ایس لیاقت میڈیکل یونیورسٹی اور نگراں انٹرویو ڈاکٹر پیر منظور کا کہنا تھا کہ 150 خالی اسامیوں پر بڑی تعداد میں امیدواروں نے شرکت کی جس کی وجہ سے انٹرویو لینا ممکن نہیں تھا جس کی وجہ سے انٹرویومنسوخ کئے گئے تاہم اب مذکورہ انٹرویو کھلے میدان میں لئے جائیں گے جسکے مقام اور نئی تاریخ کا اعلان کمیٹی کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
تازہ ترین