• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈارون کی تھیوری غلط ہے، بھارتی نائب وزیر تعلیم

نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارت کے نائب وزیر تعلیم ستیہ پال سنگھ نے کہا ہے کہ چارلس ڈارون کا نظریہ ارتقاء سائنسی لحاظ سے غلط ہے۔اسے نصاب سے نکال دینا چاہئے ۔ ہمارے آباؤ اجداد میں سے کسی نے بھی تحریری یا زبانی طورپر بندر کے انسان میں تبدیل ہونے کا ذکر کبھی نہیں کیا ہے۔نہ ہی کسی نے بندر کو انسان میں تبدیل ہوتے ہوئے دیکھا ہے۔ بھارت کی سائنسی برادری نے اس متنازع بیان کو سائنس اور سائنس دانوں کی توہین قرار دیا ہے۔بھارت میں انسانی وسائل کے فروغ اور تعلیم کے وفاقی نائب وزیرستیہ پال سنگھ تاہم اپنے بیان پر مصر ہیں۔ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، ’’ڈارون کے نظریہ ارتقاء کو دنیا بھر میں چیلنج کیا جاتا رہا ہے۔ ڈارون ازم ایک مفروضہ ہے۔ اگر میں یہ بات کہہ رہا ہوں تو ایسی بات میں کسی بنیاد کے بغیر نہیں کہہ سکتا۔ میں سائنس کا آدمی ہوں۔ میں نے دہلی یونیورسٹی سے کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کی ہے۔‘‘مودی کابینہ کے وزیر ستیہ پال سنگھ نے گزشتہ روز مہاراشٹر کے اورنگ آباد ضلع میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دعوی کیا کہ ’انسانوں کی ترقی کے حوالے سے چارلس ڈارون کا نظریہ ارتقاء سائنسی لحاظ سے غلط ہے ۔ اسے اسکولوں اور کالجوں کے نصاب سے نکال دینے کی ضرورت ہے۔‘‘ ان کامزید کہنا تھا، ’’ہمارے آباؤ اجداد میں سے کسی نے بھی تحریری یا زبانی طورپر بندر کے انسان میں تبدیل ہونے کا ذکر کبھی نہیں کیا ہے۔نہ ہی کسی نے بندر کو انسان میں تبدیل ہوتے ہوئے دیکھا ہے۔ انسان جب سے زمین پر دیکھا گیا ہے، انسان ہی رہا ہے۔‘‘
تازہ ترین