لندن (جنگ نیوز) برطانیہ کو دہشت گردی کے حملوں سے بچانے کیلئے اینٹی ٹیرر سپر سکواڈ قائم کردیا گیا۔ برطانوی اخبار ایکسپریس کے مطابق مسلح فورسز سے ماہرین کو یکجا کرتے ہوئے ایک داخلی فوری ایکشن سکواڈ قائم کیا گیا ہے، جو متعدد شعبوں میں بڑے پیمانے پر مہارت فراہم کرے گا، جن میں سائبر وار فیئر سے لیکر کیمیائی حملے تک شامل ہیں۔ اس کا قیام انٹیلی جنس سربراہوں کی ان وارننگز کے بعد عمل میں آیا ہے کہ انتہا پسند نئے اہداف تلاش کررہے ہیں اور پورٹس اور پاور سٹیشنز پر واقعات پیش آسکتے ہیں۔ عراق اور شام میں داعش کی پسپائی کے بعد سیکڑوں تربیت یافتہ جہادی ترکی کے راستے یورپ میں تباہی پھیلانے کے لئے کمر بستہ ہیں۔ آپریشن بارا کیوڈاسپیشل ائر سروس اور سپیشل بوٹ سروس کے ارکان کو سرگرم دیکھے گا جن کی مدد برطانوی فوج اور رائل نیوی کے خصوصی یونٹوں کے مزید 80فوجی کریں گے۔ یونٹ آپریشن ٹمپرز کی قیادت کرے گا جو مانچسٹر ارینا حملے کے بعد استعمال کیا گیا ہے اور اس کے تحت ایس اے ایس، ایس بی ایس اور سپیشل فورسز سپورٹ گروپ کے 100سپیشل فورسز فوجیوں سمیت 5 ہزار فوجیوں کو تعینات کیا جائے گا۔ وہ دہشت گردی کے حملے کی صورت میں پولیس اور انسداد دہشت گردی کی ایجنسیوں کی مدد کریں گے۔