• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم ایمان، اتحاد اورتنظیم کا اصول مضبوطی سے تھام لے،ممنون حسین

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ وطن عزیز کودرپیش داخلی اور خارجی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تحریک پاکستان کے جذبے سے کام لینے کی ضرورت ہے، اس لیے قوم ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کا سنہری اصول مضبوطی سے تھام لے، صدر مملکت نے یہ بات مزار قائد کے دورے کے موقع پر قائد اعظم مزار مینجمنٹ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کے موقع پر اپنے افتتاحی کلمات میں کہی،اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیربرائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن عرفان صدیقی،میئر کراچی وسیم اختر اور بورڈ کے دیگر ارکان بھی موجود تھے، اجلاس سے قبل صدر مملکت نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی، صدر مملکت نے کہا کہ قائد اعظم شاندار شخصیت کے مالک تھے جنھوں نے اپنے عزم مصمم اورآہنی ارادے سے کام لے کر قیام پاکستان کی صورت میں تاریخ کا عظیم کارنامہ انجام دیا،انھوں نے کہا کہ قائداعظم کے نوادرات دیکھ کر ان کی شخصیت کو زیادہ آسانی سے سمجھا جاسکتا ہے، انھوں نے کہا کہ حکومت قائد اعظم کے افکار کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔اس سلسلے میں اخراجات کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔انھوں نے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے زیر اہتمام مزار قائد پر ترقیاتی کاموں سمیت دیگر تمام ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کی اور کہ ان کاموں کی تکمیل سے ملک کا نظریاتی تشخص اجاگر ہوگا۔ صدر مملکت نے مزار قائد پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے، عرفان صدیقی نے اس موقع پر صدر مملکت کو مزار قائد اعظم میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ سیاحوں کو بابائے قوم کے افکار سے آگاہ کرنے کے لیے ان کی شخصیت سے وابستہ سووینئر مزار قائد پر رکھے جائیں گے اور قائد اعظم اکیڈمی کو مزار قائد کے احاطے میں منتقل کیا جائے گا۔
تازہ ترین