• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکلر ریلوے کی زمینوں پربنے مکا ن مسمار نہ کئے جائیں،ایم کیو ایم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے ارکان شبیر احمد قائم خانی اور اسلم آفریدی نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے میں کراچی سرکلر ریلوے کی زمینوں پربنے مکانات مسمار نہ کئے جائیں،متاثرین کو لیز فراہم کی جائے یا متاثرین کو متبادل جگہیں معاوضہ کے ساتھ مہیا کی جائیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے این پی آر کالونی کراچی سٹی ایکشن کمیٹی کے تحت منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان نے جلسہ میں شرکت ایکشن کمیٹی کے چیئرمین شفیع الرحمٰن سواتی کی دعوت پر کی ۔ جلسہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شبیر قائم خانی اور اسلم آفریدی نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان بلا رنگ و نسل اور قومیت ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ رہی ہے ، ریلوے کی زمین پر 28آبادیاں موجود ہیں جن میں 4ہزار 653گھر انے آباد ہیں اور ان گھرانوں کو بغیر ریلیف دیئے یہاں سے بے دخل کرنا سراسر ناانصافی ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ چاہے پختونوں ، پنجابیوں ، بلوچوں ، سرائیکیوں اور اردو بولنے والوں کا ہی کیوں نہ ہو دیکھا یہ جانا چاہئے کہ ملکی ترقی کے منصوبے میں کسی ایک بھی شخص کے ساتھ ناانصافی نہ ہو اور انہیں بے آسرا کرکے کھلے آسمانوں تلے رہنے پر مجبور نہ کیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان سی پیک منصوبے میں کراچی سر کلر ریلوے کی زمینوں پر آباد ی کچی آبادیوں کو مسمار کرنے کے خلاف ہے اور یہ مطالبہ کرتی ہے کہ کچی آبادیوں میں رہنے والے افراد کی خواہشات کا احترام کیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے کراچی میں کئی کچی آبادیاں بسائی ہیں اور انہیں لیز دی ہے لیکن پیپلزپارٹی کی حکومت ان آبادیوں اور ان میں رہنے والے مکینوں سے بے اعتنائی برت رہی ہے ۔
تازہ ترین