• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان آزاد نہیں مکمل آزاد دیکھنا چاہتے ہیں، سیاست بچے نہ بچے سچ بولتے رہیں گے، سعد رفیق

لاہور (جنگ نیوز؍ نیوز ایجنسیز) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان مکمل طور پر آزاد ملک نہیں ہے اور اسے آزاد ملک دیکھنا چاہتے ہیں، سیاست بچے نہ بچے سچ بولتے رہیں گے۔ لاہور میں ’باب پاکستان‘ کی تعمیر نو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کونسا ایسا حملہ ہے جو ن لیگ پر نہیں کیا گیا ہو لیکن وزیر اعظم ہاؤس میں بیٹھا نوازشریف اتناخطرناک نہیں تھا، جتنا جاتی امرا میں بیٹھا خطرناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کل بھی کہیں گے اور پرسوں بھی کہیں گے کہ ہمیں انصاف چاہیے لیکن اب جلسوں میں لوگ یکجہتی اور محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ہم لڑنا اور اداروں سےمحاذ آرائی نہیں چاہتے لیکن ہم نے آج تک سبق نہیں سیکھا، اگر ادارے آپس میں لڑیں گے تو ملک آگے نہیں چلے گا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہماری باتوں کو حملہ تصور نہ کیا جائے اور ہمارے مشوروں کو غیر ذمے دارانہ نہ سمجھا جائے، ایک دوسرے سے محاذ آرائی اور مقابلہ نہیں ووٹ کا احترام چاہتے ہیں اور اب فیصلہ لوگوں کا چلے گا بند کمرے کا نہیں، ہمیں وہ ادارہ نوٹسز بھیج رہا ہے جس کا اپنا اسٹرکچر مضبوط ہونے کی ضرورت ہے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تمام ریاستی اداروں پارلیمنٹ، فوج، عدلیہ ، ملٹری وسول بیورو کریسی او رمیڈیا کو ملنا پڑے گا ، یہ قومی ایجنڈا ہے اور اس پر چل کر ہی پاکستان آگے جائے گا۔ یاد رکھو مسلم لیگ مضبوط ہو گی تو پاکستان مضبوط ہوگا، مسلم لیگ (ن) آگے بڑھے گی تو ملک پھلے پھولے گا ۔ ایک کروڑ کے صوبے بلوچستان میں 533ووٹ لینے والوں کو وزیر اعلیٰ کے طو رپر بٹھا دیاگیا ہے ، ملک اس طرح نہیں چلتے ، حساس ترین صوبے میں یکجہتی کی ضرورت ہے ۔ اگر اسی طرح بخیے ادھیڑے گئے تو یہ ملک کی خدمات نہیں ہو گی۔انہوںنے کہا کہ کونسا ایسا حملہ ہے جو (ن) لیگ پر نہ کیا گیاہو، ہم نے ساڑھے چار سال سازش،دھرنے اور مشکلات برداشت کیں مگر اس کے باوجود ہم نے ترقیاتی کام نہیں روکے ، لاہور کی میٹرو ٹرین پر 8،8ماہ فیصلہ محفوظ کرلیا جاتا ہے ،شہبازشریف کا کیا کروگے وہ سال کا کام مہینے میں کرتے ہیں،میٹرو ٹرین کا منصوبہ 22ماہ تاخیر کا شکار ہوا، جو مرضی کرلو شہبازشریف ٹرین چلادے گا ۔
تازہ ترین