• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ کی مختصر عرصے کیلئے قائم مقام چیئرمین پیمرا تعینات کرنیکی کی اجازت

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں قائم مقام چیئرمین پیمرا تعینات کرنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ذر ائع کے مطابق کابینہ نے فیصلہ دیا کہ پیمرا بورڈ کا اجلاس بلاکر مختصر عرصے کیلئے پیمرا کے ممبران میں سے ایک کو قائم مقام چیئرمین تعینات کیا جائے ۔دستاویز کے مطابق اٹارنی جنرل نے وفاقی کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پیمرا کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیا اورہائیکورٹ نے کم سے کم ممکنہ وقت میں چیئرمین کی تعیناتی کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اٹارنی جنرل نے وفاقی کابینہ کو آگاہ کیا کہ اگرچہ قانون میں قائم مقام چیئرمین پیمرا تعینات کرنے یا اضافی چارج دینے کی کوئی گنجائش نہیں تاہم آرڈیننس کے سیکشن چالیس کا اطلاق کرتے ہوئے قائم مقام چیئرمین پیمرا کی تعیناتی کیلئے احکامات جاری کئے جاسکتے ہیں ۔اٹارنی جنرل کی بریفنگ کے بعد وفاقی کابینہ نے قائم مقام چیئرمین پیمرا تعینات کرنے کی اجازت دیدی ۔دوسری طرف ذرائع کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات نے سیکرٹری پیمرا اتھارٹی کو خط لکھ دیاجس میں فوری طور پر اتھارٹی کا اجلاس بلاکر قائم مقام چیئرمین پیمرا تعینات کرنے کا کہا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق وزارت اطلاعات نے مستقل چیئرمین پیمرا کی تعیناتی مسابقتی عمل کے ذریعے عمل میں لانے کیلئے آسامی مشتہر کرنے کی سمری وزیر اعظم کو ارسال کر رکھی ہے اورمنظوری کے بعد آسامی اخبارات میں مشتہر کردی جائے گی۔
تازہ ترین