• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نہروں کی سالانہ بندش، ضلع بدین میں پینے کے پانی کا بحران، تالابوں میں ذخائر ختم

بدین( نامہ نگار) نہروں کی سالانہ بندش کے سبب ضلع بدین میں پینے کے پانی کی قلت نے بحران کی شکل اختیار کر لی ہے بدین میں واٹر سپلائی کے تالابوں میں پینے کےپانی کے ذخائر ختم ہونے کے سبب شہریوں کو پینے کے پانی کی فراہم گزشتہ کئی روز سے معطل ہے جبکہ گولارچی تلہار سمیت دیگر متعدد شہروں میں بھی پانی کےذخائر ختم ہو گئے ہیں اور ہزاروں شہری پینے کے پانی کے حصول میں شدید پریشانی کا شکار ہیں ۔ ضلع کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پینے کے پانی کی قلت نے سنگین صورتحال اختیار کر لی ہے ضلعی ہیڈ کوارٹر بدین کے واٹر سپلائی کے تالابوں میں پینے کے پانی کے ذخائر ختم ہونے کے سبب دو لاکھ سے زائد آبادی والے شہر کو پینے کے پانی کی فراہمی گزشتہ چار روز سے معطل ہے اور شہریوں کی اکثریت ڈبے کولر اور کین ہاتھوں میں اٹھائے پینے کے پانی کی تلاش میں سرگرداں دکھائی دیتی ہے۔ قلت آب کی صورتحال یہ ہے کہ مساجد میں وضو کے لئے بھی پانی دستیاب نہیں ہے دوسری جانب گولارچی ترائی کڑیو گہنور کھورواہ تلہار کڈھن نندو سمیت دیگر شہروں میں بھی پینے کے پانی کے ذخائر ختم ہو گئے ہیں جبکہ یہاں زیر زمین پانی کے ذخائر بھی ناقابل استعمال ہیں جس کے نتیجے میں ہزاروں شہری پینے کے پانی کی بوند بوند کے محتاج ہیں۔ بدین میں قلت آب کی سنگین صورتحال کے خلاف پی پی شہید بھٹو کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے قاضیہ واہ پل سے ایوان صحافت تک مارچ کیا اور ایوان صحافت کے سامنے مظاہرے کے بعد دھرنا دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ میونسپل کمیٹی انتظامیہ کی نااہلی کے سبب شہری پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں میونسپل کمیٹی انتظامیہ پانی کی بندش سے قبل پانی ذخیرہ نہ کر سکی جو متعلقہ افسران و عملے کی مجرمانہ غفلت و لاپرائی ہے اس سلسلے میں ٹائون کمیٹی گولارچی کے چیئرمین عبدالسلام آرائیں نے جنگ کو بتایا کہ نہروں میں طویل عرصے سے نہری پانی کی عدم فراہمی کے سبب پانی کی قلت پیدا ہوئی ہے اور واٹر سپلائی کے تالابوں میں پانی کے ذخائر ختم ہو چکے ہیں جبکہ محکمہ آبپاشی افسران کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ نہروں میں تعمیرات اور صفائی کے سبب سالانہ بندش کے سبب پانی فراہم نہیں کیا جا رہا ہے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پینے کے لئے فوری طور پر نہروں میں پانی فراہم کیاجائے۔
تازہ ترین