• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج پہلا ٹی ٹوئنٹی،پاکستان اور نیوزی لینڈ میں نمبر ون بننے کی جنگ شروع

ویلنگٹن ( جنگ نیوز ) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ پیر کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔ گرین شرٹس فارمیٹ میں تبدیلی کے ساتھ قسمت اور نتائج بھی بدلنے کے خواہاں ہیں۔ مہمان ٹیم نے سیریز میں اب تک انتہائی غیرتسلی بخش کارکردگی پیش کی ہے۔ ہوم سائیڈ کھیل کے ہر شعبے میں پوری طرح حاوی رہی ہے۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کل صبح 8 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کو نئے فارمیٹ کیلئے نئے پلیئرز کی خدمات حاصل ہیں، اوپننگ کیلئے تجربہ کار احمد شہزاد کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ وہ ٹی 20 میں عمدہ فارم میں ہیں۔ دوسری جانب بلیک کیپس نے اسکواڈ میں نوجوان پلیئرز گلین فلپس، سیٹھ رینس، ٹام بروس، انارو کچن، ایش سوڈھی اور بین وھیلر کو شامل کیا ہے۔ پہلے میچ مین ٹرینٹ بولٹ اور لوکی فرگوسن حصہ نہیں لیں گے۔ کیویز سے مقابلے کیلئے پاکستانی کرکٹرز نے اتوار کو ویلنگٹن میں پریکٹس کی۔ واضح رہے کہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ پہلے ہی پاکستان کو وائٹ واش کرچکا ہے۔ اس وقت پاکستان اس فارمیٹ کی دوسری بہترین ٹیم ہے۔ اس پوزیشن کو برقرار رکھنے کیلئے گرین شرٹس کو سیریز میں کم از کم ایک میچ ضرور جیتنا ہوگا۔ البتہ سیریز میں فتح پاکستان کو نمبر ایک ٹیم بنادے گی۔ پاکستان نے نئے برس کا آغاز ٹاپ پوزیشن سے کیا تھا تاہم ایک ہی ہفتے میں نیوزی لینڈ نے اپنے ہوم گرائونڈز پر اس طرز کے عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کوزیر کرکے نمبر ون ٹیم کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ گرین شرٹس کے پاس اگرچہ ایک بار پھر پہلے نمبر واپس لوٹنے کا موقع موجود ہے تاہم اس کے لیے اسے کیوی ٹیم اور کنڈیشنز دونوں پر حاوی ہوتے ہوئے سیریز میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ اگر پاکستان ٹیم ؎پہلا میچ جیت لے تو نمبر ون بن جائے گی جبکہ دوسری فتح اس کی پویشن مستحکم کردے گی۔ اس طرح پاکستان کو نمبر ون بننے کیلئے دو فتوحات درکار ہیں۔ لیکن تینوں میچز میں شکست کی صورت میں رینکنگ میں دوسری سے چوتھی پوزیشن پر جانا پڑے گا، اس صورت میں ٹاپ پر کیویز کی پوزیشن مستحکم ہوجائے گی۔ بالکل اسی طرح پاکستان نے کلین سوئپ کیا تو بلیک کیپس نمبر چار پر چلے جائیں گے۔باہمی ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کاپلڑا بھاری ہے ۔ دونوں ٹیموں کے مابین 22 ستمبر 2007 سے22مارچ2016 تک 15ٹی 20 انٹرنیشنلز کھیلے گئے جن میں سے8 میچوں میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی جبکہ7 میچ نیوزی لینڈنے جیتے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈکی ٹیموں کے مابین کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کے شاہدا ٓفریدی کامیاب ترین بولر رہے ۔ انہوں نے 15 میچوں میں 56.2اوورز میں388 رنز دے کر18.47 کی اوسط سے21وکٹیں لیں۔ دوسرے نمبر پر پاکستان کے عمر گل نے 10 میچوں میں 32 اووروں میں 245 رنزدے کر16.33 کی اوسط سے15وکٹیں لیں۔ تیسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے ٹم سائؤتھی نے6 میچوں میں 24اوورز میں187رنز دے کر14.38 کی اوسط سے13وکٹیں لیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے ٹی 20 ٹوئنٹی میچوں میں نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل کامیاب ترین بیٹسمین رہے انہوں نے 12 میچوں کی12 اننگز میں34.18 کی اوسط سے 376رنز بنائے جن میں3 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ دوسرے نمبر پر پاکستان کے عمراکمل نے13 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی13اننگزمیں28.40کی اوسط سے284رنز بنائے جن میں2 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ تیسرے نمبر پر پاکستان کے محمد حفیظ نے 11ٹی ٹوئنٹی میچوں کی 11اننگز میں 25.45کی اوسط سے280 رنز بنائے جن میں ایک نصف سنچری شامل ہے۔
تازہ ترین