• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کانٹے کا مقابلہ،ہاکی ورلڈالیون اور پاکستان جو نئیرز کا میچ3-3سے ڈرا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان جونیئر اور ورلڈ الیون کے درمیان اتوار کو لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا دوسرا میچ تین، تین گول سے برابر رہا، کراچی کے میچ میں 5-1کی فتح سے مہمان ٹیم نے دو میچوں کی بحالی ہاکی سیریز 1-0سے جیت لی، لاہور کے اسٹیڈیم مین کراچی کے مقابلے میں تماشائیوں کی تعداد قدرے بہتر تھی۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، تماشائیوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے،ان کے ہاتھوں میں پوسٹر اور بینرز تھے جس پر’’ مہمان کھلاڑیوں ہم تمھارے مشکور ہیں ‘‘کے جملے درج تھے۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والے میچ میں دونوں ٹیموں نے دفاعی انداز اپنایا جس کی وجہ سے پہلے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی، دوسرے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم کو 4 پنالٹی کارنرز سمیت گول کرنے کے متعدد مواقع میسر آئے لیکن کامیابی نہ مل سکی، دوسرے کوارٹر کے اختتامی لمحات میں ورلڈ الیون کے کپتان روڈرک نے گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلا دی۔ تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں 3 گول کرنے میں کامیاب رہی، ورلڈ الیون کی طرف سے ریکرز نے گول کر کے اسکور2-0 کر دیا تاہم پاکستان ٹیم نے رضوان علی اور عدیل لطیف کے گولز کی بدولت مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔ چوتھے کوارٹر میں ورلڈالیون کی طرف سے تائکسترا اور پاکستان کی جانب سے نوید نے گول کئے۔ ورلڈ الیون میں ہالینڈ کے 5، 4 اسپینش، ارجنٹائن اور جرمنی کے تین تین جبکہ آسٹریلیا اور بیلجیئم کا ایک ایک کھلاڑی شامل تھے۔ مہمان کھلاڑی مختلف فلائٹس سے اپنے اپنے ملک روانہ ہوجائیں گے۔
تازہ ترین