• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چکن گنیا وائرس روک تھام کیلئے صفائی ستھرائی ، جراثیم کش اسپرے ضروری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فارمیسی گریجویٹس ایسوسی ایشن اور آئی زیڈ اے اسپتال ناظم آباد کے باہمی تعاون سے ’ چکن گنیا کی بیماری اور اس کاعلاج‘ کے عنوان پر آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ آئی زیڈ اے اسپتال ڈاکٹر کیپٹن رضا علی نے کہاکہ چکن گنیا وائرس کی علامات ڈینگی وائرس جیسی ہیں چنانچہ اس کی درست تشخیص آسان نہیں ، یہ وبائی بیماری ہے جو تیزی سے پھیلتی ہے اور مخصوص مچھرایڈیز امجپٹی اور ایڈیز ایلبویکٹس کے کاٹنے سے لاحق ہوتی ہے اس کی روک تھام کیلئے صفائی ستھرائی کا مناسب انتظام اوروقتاً فوقتاً تمام علاقوں میں اسپرے کرانا ضروری ہے۔ سربراہ فارمیسی گریجویٹس ایسوسی ایشن ڈاکٹرزین الحسنین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ مچھرصاف پانی جیسے پانی کے کھلے برتن، پھولوں کے گملوں، زیرتعمیر عمارتوں کے تالابوں وغیرہ میں تیزی سے پرورش پاتا ہے، فارماسسٹ عوام کو آگہی فراہم کریں کہ چکن گنیا کی علامات مچھر کے کاٹنے کے 3 سے 7 دنوں میں ظاہر ہوتی ہیں ایسی صورت میں فزیشن اور فارماسسٹ سے رابطہ کریں، مکمل آرام کیا جائے اور شدید درد کی صورت میں رافع دروادویہ استعمال کی جائیں، پانی مشروبات اور نمکیات کا زیادہ استعمال ضروری ہے۔
تازہ ترین