• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈبلیو ایچ او کی انسداد ملیریا مچھردانیاں مارکیٹ میں فروخت ہونیکا انکشاف

رانی پور (نامہ نگار) سندھ میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے ملیریا کی روک تھام کیلئے کروڑوں روپے مالیت کی فراہم کی گئی انسداد ملیریا مچھردانیاں عام گھروں میں تقسیم ہونے کے بجائے عام مارکیٹ میں فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ سندھ میں ملیریا کنٹرول پروگرام کے تحت ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے سال 2017 میں کروڑوں روپے مالیت کی لاکھوں اینٹی ملیریا مچھردانیاں محکمہ صحت سندھ کے حوالے کی گئیں جو پروگرام کے تحت ہر یونین کونسل میں آبادی کے لحاظ سے لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے گھر گھر میں دو دو مچھردانیاں تقسیم کرنی تھیں اور جس گھر میں حاملہ عورت موجود ہے تو اس گھر میں ایک اضافی مچھردانی سمیت تین مچھردانیاں فراہم کرنی تھیں اس خاص قسم کی مچھردانیوں پر اینٹی ملیریا کیمیکل اسپرے ہوا ہے جس کو چھونے سے مچھر مرجاتا ہے۔ سندھ بھر میں محکمہ صحت کے متعلقہ عملے نے بدعنوانی کر کے مچھر دانیوں کی بڑی تعداد گھر گھر میں تقسیم کرنے کے بجائے عام مارکیٹ میں بھاری رقم کے عوض فروخت کردیں جس کی وجہ سے صوبے بھر میں لاکھوں گھرانے مچھردانیوں کے حصول سے محروم رہے۔ اطلاعات کے مطابق محکمہ صحت کے متعلقہ افسران نے کرپشن پر پردہ ڈالنے کیلئے ارکان اسمبلی بلدیاتی نمائندوں اور سول سوسائٹی کے بااثر لوگوں کو خوش کرنے کیلئے انہیں بھی سیکڑوں کی تعداد میں مچھردانیوں تقسیم کیں۔
تازہ ترین