• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے ڈی اے میںون ونڈو لیز کا افتتاح، متوسط طبقے کیلئے سستی رہائشی اسکیم شرو ع کرنے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کے ڈی اے میں ون ونڈو لیز کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا،ڈی جی کے ڈی اے سمیع صدیقی نے سوک سینٹر میں ون ونڈو لیز کائونٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 20 سال سے اراضی کی لیز سے صارفین کو محروم رکھا گیا تھا لیکن مزدور یونین بالخصوص محکمہ کے اعلیٰ افسران کی کاوشوں کے باعث آج ون ونڈو لیز کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا ہے جس سے عام صارفین بھرپور استفادہ حاصل کرسکتے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ ایک ماہ کے دوران لوکاسٹ ہائوسنگ اسکیم کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا جس کا مقصد کراچی کے متوسط طبقے کو سستی و نئی رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہے، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے قیام کے بعد سے ہی کراچی کی تعمیر و ترقی میں مرکزی کردار ادا کیا ہے، کراچی میں متعدد ترقیاتی اسکیمیں شروع اور مکمل کیں جن میں پبلک ہائوسنگ اسکیم، لوکاسٹ ہائوسنگ اسکیم،پل، فلائی اوورز، ایکسپریس وے اور نئی سڑکوں سمیت انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے مختلف پروجیکٹس شامل ہیں، انجینئرنگ کے شعبہ میں کے ڈی اے کے با صلاحیت انجینئرز نے مختلف پروجیکٹس کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، آج بھی کے ڈی اے کے انجینئرز سندھ حکومت میں خدمات انجام دے رہے ہیں، مزدور یونین سی بی اے کے چیئرمین عبدالمتین شیخ نے ڈی جی کے ڈی اے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی تاریخ میں پہلی بار ڈی جی کے ڈی اے کی ذاتی کوششوں کے باعث ون ونڈو لیز کائونٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو قابل ستائش عمل ہے اور مزدور یونین ڈی جی کے ڈی اے کے اس اقدام کوقدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
تازہ ترین