• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایس تھری کا نظرثانی پی سی ون، صنعتی علاقوں کیلئے کمبائن ایفولینٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس کے منصوبے منظور

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی (ایکنک ) نے کراچی کیلئے عظیم تر منصوبہ نکاسی آب ایس تھری کی نظر ثانی پی سی ون اور صنعتی علاقوں کیلئے کمبائن ایفولینٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس کے منصوبوں کی منظوری دیدی ہے مزید تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ سید ہاشم رضا زیدی کی شہریوں کو فراہمی ونکاسی آب کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کئے گئے اقدامات اور شہر کراچی کیلئے فراہمی و نکاسی آب کے جاری بڑے منصوبوں کی وقت مقررہ پر تکمیل کیلئے کی جانے والی کوششوں کے باعث وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ایگزیکٹیو کمیٹی برائے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں عظیم تر منصوبہ آب رسانی ایس تھری کی 36 ارب 11 کروڑ 70 لاکھ روپے کی ریوائس سمری کی منظوری دیدی گئی ہے ،جبکہ صنعتی علاقوں کے پانی کی ٹریٹمنٹ کے منصوبہ کمبائن ایفولیٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کی بھی منظوری دی گئی ، منصوبہ کی لاگت 11 ارب 79 کروڑ 90 لاکھ روپے ہے، اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت اپنا حصہ سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے ذریعے دے گی ،اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیاگیا کہ اس منصوبہ پر عمل درآمد کے لئے موثر مانیٹرنگ بھی کی جائے گی ، واضح رہے کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے صنعتوں سے نکلنے والے زہریلے مواد ملے پانی اور شہر کے نکاسی آب کو ٹریٹ کرکے سمندربرد کیا جاسکے گا جس سے ، سمندری آلودگی اور اس سے سمندری حیات کو درپیش خطرات ، بحری جہازوں کوپہنچنے والے نقصانات کا خاتمہ ہوسکے گا ،سمندری خوراک خصوصا ً مچھلیوں اور جھینگوں وغیرہ کی برآمداد میں اضافہ ہوگا ،پاکستان کے ساحل شفاف ہوں گے ،ساحلی علاقوں میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی آمد بڑھے گی، روزگار کے مواقع بڑھیں گے جبکہ شہر میں نکاسی آب کے مسائل پر قابو پایا جاسکے گا ۔
تازہ ترین