• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف نیب میں طلب، آج پنڈی آفس آکر العزیزیہ اورفلیگ شپ ریفرنس میں بیان ریکارڈ کرانے کا حکم

Todays Print

اسلام آباد(عاصم یاسین‘ایجنسیاں )قومی احتساب بیورو( نیب)راولپنڈی نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العز یزیہ اسٹیل ملزاور فلیگ شپ انویسٹمنٹ کیسوں میں الگ الگ ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،یہ ریفرنس لندن سے ملنے والےنئے ثبوتوں کی بنا پر دائر کیے جائیں گے‘ضمنی ریفرنسز میں بیان ریکارڈ کرانے کےلئے نواز شریف کو ڈی جی نیب راولپنڈی نے طلبی کا سمن جاری کردیا ہے اور آج(ہفتہ کو) نیب کے دفتر میں پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرانے کا حکم دیاگیاہے ‘ا ن ضمنی ریفرنسز میں کچھ نئے گواہوں کے بیانات بھی ریکارڈ بھی کئے جائیں گےجبکہ حسین نوازکے انٹرویوکو بھی ضمنی ریفرنس کے ریکارڈ کا حصہ بنا یا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق نوازشریف نے آج نیب راولپنڈی میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیاہے ‘میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت میں معاملہ زیر سماعت ہے وہیں پر اپنی صفائی پیش کروں گا۔نیب ذرائع کے مطابق نوازشریف اور ان کے بیٹوں حسن اور حسین نواز کے خلاف دائر العزیزیہ اسٹیل ملزاورفلیگ شپ انویسٹمنٹ لمیٹڈ ریفرنس میں ضمنی ریفرنسز تیار کئے جا رہے ہیں اور ان ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا ۔ سابق وزیراعظم کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق آج (ہفتہ) کو نوازشریف کو نیب راولپنڈی کے دفترمیں آکر بیان ریکارڈ کرانے کا کہا گیا ہے ۔یہ ریفرنسز نیب راولپنڈی میں تعینات ہونے والے ڈی جی عرفان نعیم منگی کی نگرانی میں تیار کئے جا رہے ہیں ۔عرفان نعیم منگی پاناما کیس کی جے آئی ٹی میں نیب کی نمائندگی کر چکے ہیں اور وہ جے آئی ٹی کے اہم رکن کے طور پر کام کرتے رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق دونوں ضمنی ریفرنس آئندہ ہفتے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کر دیے جائیں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے جیوٹی وی کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامدکو حسین نوازکے دیئے گئے انٹرویوکی تفصیلات بھی حاصل کرلی ہیں۔نیب نے انٹرویوکی ریکارڈنگ حاصل کرنے کیلئے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)سے بھی رابطہ کیامگرپیمرانے اپنے جواب میں کہا کہ ان کے پاس 90دن کا ریکارڈنہیں ہوتا۔ذرائع کے مطابق حسین نوازکے انٹرویوکو بھی ضمنی ریفرنس کے ریکارڈ کا حصہ بنا یا جائے گا۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے آج ( ہفتہ کو ) نیب راولپنڈی میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے میڈیا رپورٹ کے مطابق نواز شریف کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت میں معاملہ زیر سماعت ہے وہیں پر اپنی صفائی پیش کروں گا۔ذرائع کے مطابق نوازشریف 13 فروری کو پیش ہوں گے۔

تازہ ترین