• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیوایم رابطہ کمیٹی، سینیٹ ٹکٹ کا اختیار فاروق ستار سے لیکر خالد مقبول صدیقی کے سپرد

Todays Print

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان میں اہم رہنماؤں کے درمیان اختلافات ایک بار پھرشدت اختیار کر گئے ہیں۔ بہادر آباد میں موجود رابطہ کمیٹی کے ارکان نے ایم کیو ایم پاکستان کے سر بر اہ ڈاکٹر فاروق ستار سے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے کے اختیارات واپس لے کرڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو دےدیئے ہیں ۔ یہ فیصلہ رابطہ کمیٹی نے بہادر آباد میں ایک اجلاس میں کیا۔ رابطہ کمیٹی نے پارٹی آئین کے آرٹیکل 19 ۔اے کے تحت ڈاکٹر فاروق ستار سےامیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے کے اختیارات واپس لے کر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو دیئے ہیں ۔ بہادر آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ 5 فروری سے پارٹی کی سرگرمیاں معطل ہیں، ہمیں کوئی روک نہیں رہا، مجھے نہیں معلوم کہ فاروق بھائی کی ٹیم کو کون روک رہا ہے اور نا ہی اس بات کا علم ہے کہ فاروق ستار کو کون کیسے مشورے دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں فاروق بھائی کی مرضی پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن اگر پارٹی کنوینر کی مرضی پارٹی اصولوں کے منافی ہو گی تو ہم اسے ماننے سے قاصر ہیں۔ہم نے باربار فاروق ستار سے ملاقات کی کوشش کی، فاروق ستارکو مشورےکون دےرہا ہے،ابھی تک سمجھ نہیں آئی، کامران ٹیسوری کواتنی اہمیت کیوں دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کی مرضی، اصول، میرٹ اور منطق کے مطابق ہو گی تو بالکل مانیں گے، فاروق ستار نے کل آنے کا کہا لیکن نہیں آئے اور آج بھی نہیں آئے، ہم نے ایک چھوٹا سا قدم محض سینیٹ انتخابات کے لیے اٹھایا ہے،فیصل سبزواری نے کہا کہ 22 اگست سے پہلے بھی پارٹی کے فیصلے رابطہ کمیٹی ہی کرتی تھی لیکن اس وقت فیصلوں کی توثیق لندن سے ہوتی تھی، 23 اگست کے بعد پارٹی آئین سے لندن سے متعلق حصوں کو نکالا گیا۔

تازہ ترین