• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نےجاسوسی کے الزام میں گرفتار بھارتی فضائیہ کے گروپ کیپٹن کا نام ظاہر کردیا

نئی دلی(جنگ نیوز)بھارت نے پاکستان کیلئے مبینہ طور پر جاسوسی کرنے اور انتہائی خفیہ معلومات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار بھارتی فضائیہ کے گروپ کیپٹن کا نام ظاہر کردیا، ارون مرواہا پر خوبصورت لڑکیوں کے2فیس بک اکاؤنٹس پرمعلومات فراہم کرنے کا الزام عائد کیاگیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین ایئرفورس کے گروپ کیپٹن ارون مرواہا نئی دلی پولیس کی حراست میں ہے، پولیس افسران نے ان پر پاکستان کے انٹیلی جنس ادارے آئی ایس آئی کو انتہائی خفیہ دستاویزات اور دیگر حساس معلومات فراہم کرنے کا الزام لگایا ہے، ارون مرواہا بھارتی فضائیہ کے ہیڈکوارٹر میں پیرا آپریشن کا ڈائریکٹر تھا جب کہ اس کے ریکارڈ میں انسٹرکٹر کی حیثیت سے 3 ہزار پیراشوٹنگ جمپس درج ہیں۔ڈپٹی کمشنر پولیس پرمود خوشوا نے 51 سالہ ارون مرواہا کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم اپنے اسمارٹ فون کے ذریعے ایئر فور س ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی مشقوں سے متعلق دستاو یزا ت کی تصاویر اتار کر واٹس ایپ کے ذریعے بھجوا رہا تھا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گروپ کیپٹن ارون مرواہا گزشتہ برس پابندی کے باوجود ایئرفورس ہیڈ کوارٹرز میں اسمارٹ فون لاتے ہوئے پایا گیا جس کے بعد فضائیہ کی سینٹرل سیکیورٹی اینڈ انویسٹی گیشن ٹیم نے اس کی نگرانی شروع کردی، اس کے علاوہ اس کی آن لائن سرگرمیوں پر بھی نظر رکھی گئی جس کے بعد انڈین ایئرفورس نے اسے 31 جنوری کو مشکوک حرکتوں پر حراست میں لے لیا۔ نئی دلی کی ایک ماتحت عدالت نے ملزم کو ریمانڈ پر پولیس تحویل میں دے دیا ہے۔ ارون مرواہا سے متعلق بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ گروپ کیپٹن نے حساس معلومات کے بدلے کسی قسم کی رقم نہیں لی بلکہ اسے خوبصورت ماڈلز کی تصویروں والے 2فیس بک اکاؤنٹس کی مدد سے پھنسایا گیا۔ ارون ان اکاؤنٹس کو آپریٹ کرنے والی مبینہ لڑکیوں سے فحش گفتگو کیا کرتا تھا، اسی دوران اسے پھنسایا گیا اور اس سے انتہائی حساس دستاویزات حاصل کی گئیں۔ اسے نئی د لی کی لودھی کالونی میں واقع پولیس کے صدر دفتر میں رکھا گیا ہے جہاں اس سے بھارت کے مختلف ادارے تفتیش کررہے ہیں۔
تازہ ترین