• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سربراہ پاک فضائیہ نے’’کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسی لینس ایوارڈ‘‘حاصل کرلیا

اسلام آباد(جنگ نیوز)سربراہ پاک فضائیہ نے’’کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسی لینس ایوارڈ‘‘ حاصل کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق،پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان کو ریاض ،سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسی لینس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جنرل عبدالرحمان بن صالح البنیان، چیف آف جنرل ا سٹاف رائل سعودی آرمڈ فورسز نے سعودی حکومت کی طرف سے پاک فضائیہ کے سربراہ کو یہ ایوارڈعطا کیا۔ یہ ایوارڈ پا ک فضائیہ کی جانب سے رائل سعودی فضائیہ کو مختلف شعبہ جات میں بھرپور تعاون فراہم کرنے اور بالخصوص ائیرچیف مارشل سہیل امان کی دونوں فضائی افواج کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ میں دی جانے والی شاندار خدمات کے اعتراف میں عطا کیاگیا ہے۔ قبل ازیں ائیر چیف نے جنرل عبدالرحمان بن صالح البنیان، چیف آف جنرل سٹاف رائل سعودی آرمڈ فورسز سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ ائیر چیف نے پاکستان میں انسداد دہشت گردی آپریشنز میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ ایوی ایشن کے میدان میں موجود تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اعادہ کیا ۔ جنرل عبدالرحمان بن صالح البنیان نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کے فروغ میں ائیر چیف کی خدمات کو سراہا۔ایئر چیف مارشلنے آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کردار کی تعریف کی اور اسے دنیا کی دوسری فضائی افواج کے لیےنمونہ عمل قرار دیا۔بعد ازاں پاک فضائیہ کے سربراہ نے رائل سعودی ائیر آپریشنز سنٹر ریاض میں میجر جنرل محمد بن صالح العطیبی سے ملاقات کی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے دونوں فضائی افواج کے درمیان بےمثال باہمی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اوررائل سعودی فضائیہ کو اپنے ملک میں ملٹری اور ہوابازی کی تربیت میں تعاون کی پیشکش کی۔رائل سعودی فضائیہ کے کمانڈر نے دونوں فضائی افواج کے مابین دوستانہ تعلقات کے فروغ کے لیے دی گئی خدمات پر پاک فضائیہ کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا اور پاک فضائیہ کے افراد کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی ۔ ائیر چیف نے سعودی عرب کی وزارت دفاع کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع محمد عبداللہ العیش سے ملاقات کی ۔سعودی نائب وزیر دفاع نے رائل سعودی فضائیہ کے سا تھ پاک فضا ئیہ کے دیر پا تعاون پرپاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان کی خدمات کو سراہا۔ دونوں معزز شخصیات کچھ دیر تک ایک ساتھ رہیں جہاں انہوں نے باہمی دلچسپی اور دو طرفہ دفاعی امور پر گفتگو کی ۔ائیر چیف نے دونوں برادر ممالک کے درمیان موجود دفاعی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تازہ ترین