• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی نژاد اندرا آئی سی سی کی پہلی آزاد خاتون ڈائریکٹر تعینات

دبئی (جنگ نیوز ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں بھلے ہی بگ تھری کا خاتمہ ہوگیا ہے لیکن بھارتی اثر شاید کم نہیں ہورہا۔ اس کی تازہ مثال آئی سی سی بورڈ میں پہلی آزاد خاتون ڈائریکٹر کی تقرری ہے۔ بھارتی نژاد اندرا نوئی دنیا کی معروف ترین سافٹ ڈرنک بنانےوالے کمپنی کی چیف ایگزیکٹو ہیں۔ جمعہ کو آئی سی سی اجلاس میں ان کی تقرری کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔ ان کی تقرری دو سال کیلئے کی گئی جسے مزید دو بار دو دو برس تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ عہدے پر چھ سال سے زیادہ براجمان نہیں رہاجاسکے گا۔ تقرری سے متعلق تجویز گذشتہ برس اجلاس میں پیش کی گئی تھی۔ جس کے تحت آئی سی سی کےانتظامی ڈھانچے میں تبدیلیوں کی سفارش کی گئی تھی۔ تجویز دی گئی تھی کہ نیا اسٹرکچر 17 ڈائریکٹرز پر مشتمل ہوگا، جس میں 12 فل ممبر ممالک، تین ایسوسی ایٹس، ایک چیئرمین اور ایک آزاد ڈائریکٹر شامل ہوں گے۔ ثانی الذکر عہدے کیلئے خاتون ہونے کی شرط رکھی گئی تھی اس کا مقصد بورڈ کو زیادہ جمہوری بنانا ہے۔ اس عہدے کیلئے تقرری کا عمل گذشتہ برس نومبر میں شروع کیا گیا تھا۔ جمعہ کو آئین میں بھی تبدیلیوں کی منظوری بھی دی گئی۔اندرا نوئی رواں جون میں باقاعدہ آئی سی سی کا حصہ بن جائیں گی۔ اس متعلق خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین آئی سی سی ششانک منوہر نے کہا کہ ہم نے اس اہم پوزیشن کیلئے دنیا بھر سے بہترین امیدواروں کو پرکھا، ہم ایسے خاتون ڈائریکٹر چاہتے تھے جسے نہ صرف کرکٹ سے دلچسپی ہو، بلکہ آئی سی سی بورڈ میں شامل کہنہ مشق ارکان کے ساتھ مل کر کام کرنے میں کوئی مشکل نہ ہو، کمرشل سیکٹر میں کام کرنے کا وسیع تجربہ اور آئی سی سی رکن یا ایسوسی ایٹ ملک سے تعلق بنیادی شرائط تھیں۔ اندرا کی صورت میں ہمیں بہترین پرفیشنل خاتون کا ساتھ میسر آیا ہے۔ ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں اور مستقبل میں ان کے ساتھ کام کرنے کے بے چینی سے منتظر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں نے کالج کے زمانے میں کرکٹ کھیلی تھی، مججھے اس سے عشق ہے۔مجھے فخر ہے کہ اس عہدے پر آنے والی پہلی خاتون ہوں، نئی ذمہ داریوں کیلئے بہت پرجوش ہوں۔
تازہ ترین