• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈھاکا ٹیسٹ،سری لنکا نے شکنجہ کس دیا، بنگلہ دیش کیلئے بچنا مشکل

ڈھاکا (نیوز ایجنسیز) بنگال ٹائیگرز چٹاگانگ ٹیسٹ کے بعد لگتا پرانی ڈگر پر لوٹ آئے ہیں۔ ڈھاکا ٹیسٹ میں مہمان سری لنکا کی گرپ مضبوط ہوگئی ہے۔ میچ ہوم سائیڈ کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔ اس کیلیے شکست سے بچنا چیلنج ہوگا۔ آئی لینڈرز نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 200 رنز بنا کر مجموعی طور پر 312رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، روشن سلوا نے پہلی اننگز کے بعد دوسری اننگز میں بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور خود کو بہترین بیٹسمین ثابت کیا، روشن سلوا 58 اور سرنگا لکمل 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، مستفیض الرحمان نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ قبل ازیں بنگلہ دیشی ٹیم پہلی اننگز میں 110رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔ 7کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، سرنگا لکمل اور دھنن جایا نے 3،3وکٹیں لیں۔ جمعہ کو ڈھاکا میں میچ کے دوسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم نے 56 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو لٹن داس 24اور مہدی حسن میراز 5 رنز پر کھیل رہے تھے، لکمل نے حریف بیٹسمینوں کو سیٹ ہونے کا موقع ہی نہ دیا، انہوں نے لٹن داس کو آئوٹ کر کے ٹیم کو دن کی پہلی کامیابی دلائی، لٹن داس 25رنز بناسکے، کپتان محموداللہ بھی ٹیم کو سہارا نہ دے سکے اور 17 رنز بنانے کے بعد دھنن جایا کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی مہدی حسن کا ساتھ نہ دے سکا اور پوری ٹیم 110رنز پر ڈھیر ہو گئی، مہدی حسن 38 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، صابر رحمان اور مستفیض الرحمان صفر، عبدالرزاق اور تیجل اسلام ایک، ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے، لکمل اور دھنن جایا نے 3، 3اور پریرا نے 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں سری لنکا نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں8وکٹوں پر200 رنز بنا کر مجموعی طور پر 312رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، روشن سلوا کے سوا آئی لینڈرز کا کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، کرونارتنے 32، کوشال مینڈس 7، دھنن جایا ڈی سلوا 28، گونا تھلاکا 17 ، کپتان چندیمل 30، نیروشن ڈکویلا 10، تھسارا پریرا 7 اور دھنن جایا بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، روشن سلوا 58 اور سرنگا لکمل 7رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، مستفیض الرحمان نے3جبکہ مہدی حسن میراز اور تیجل اسلام نے 2، 2 عبدالرزاق نے ایک وکٹ لی۔
تازہ ترین