• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسری سیاسی قوت کیساتھ نیا پاکستان بنائیں گے،پرویزمشرف

Todays Print

اسلام آباد (خبر نگار) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ملکی حالات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ تیسری سیاسی قوت نیا پاکستان بنائے گی۔ تیسری سیاسی قوت کیساتھ نیا پاکستان بنائیں گے،وطن واپس آ کر لیگی دھڑوں کی طاقت سے بننے والی تیسری سیاسی قوت کی قیادت کروں گاکرپٹ لوگ پھرمنتخب ہوگئے توملک کوتباہی سے کوئی نہیں بچاسکے گا۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں ویڈیو لنک کے ذریعے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہاکہ 2018ءکے انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔ اے پی ایم ایل میں کوئی بدنام ، چور ، ڈاکو اور لٹیرا نہیں۔ حلال کھائیں گے اور پاکستان کو مضبوط بنائیں گے۔ پچھلے دس سالوں میں ملک میں کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ عوام کی طاقت سے چوروں اور لٹیروں کو اقتدار میں آنے سے روکیں گے۔ پیسے کی سیاست کا خاتمہ کر کے ملک کو لوٹ کھسوٹ سے بچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میرے اقتدار میں پاکستان عروج پر تھا ۔ مسلم امہ سمیت پوری دنیا میں ایک رتبہ تھا۔ اب ہر جگہ تباہی نظر آتی ہے۔ انہوں نے تیسری سیاسی قوت کیلئے مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کو ایک جھنڈے تلے جمع ہونے کی تجویز دی اور کہا کہ پیسے کی سیاست بند اور اپنے زور بازو پر آگے بڑھنا ہو گا۔ کرپٹ لوگ پھر منتخب ہو گئے تو ملک کو تباہی سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔اس موقع پر ڈاکٹر امجد نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور ان کے ساتھی چور ، لٹیرے ہیں جو ملک کو لوٹتے اور بیرون ممالک سے تنخواہیں لیتے ہیں ، ضرورت پڑنے پر سپریم کورٹ کا سہارا لیتے ہیں اور مرضی کا فیصلہ نہ آنے پر ججز کو گالیاں دیتے ہیں۔ اے پی ایم ایل کی سیکرٹری جنرل مہرین ملک آدم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا جلسہ ان لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے جو کہتے تھے پرویز مشرف کا کوئی مستقبل نہیں۔ اے پی ایم ایل کے مرکزی آرگنائزر فقیر حسین بخاری نے جلسہ سے خطاب کے دوران پارٹی کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کی کارروائی سے شرکاءکو آگاہ کیا اور بتایا کہ اجلاس میں ڈاکٹر امجد کو صدر اور مہرین آدم ملک کو آل پاکستان مسلم لیگ کا مرکزی سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا ہے جبکہ مرکزی ، صوبائی اور اوورسیز چیپٹرز کے عہدیداران کے چناؤ کا اختیار پرویز مشرف کو دیدیا گیا ہے۔

تازہ ترین