• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوجی دستے سعودی عرب بھیجنے کے اعلان پر وزیردفاع سینیٹ طلب، قومی اسمبلی میں بھی اظہار تشویش

Todays Print

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں )چیئر مین سینیٹ میاں رضا ربانی نے سعودی عرب میں مزید پاکستانی فوجی اہلکار بھیجے جانے کے اعلان کے بعد حکومت سے اس معاملے پر وضاحت طلب کرتے ہوئے ایوان کو اعتماد میں لینے کی ہدایت دی ہے اور کہا ہے کہ وزیر دفاع خرم دستگیر پیر کو ایوان میں آ کر اس بارے میں معلومات دیں۔ فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ فوجی دستے بھجوانے کا اعلان پارلیمان کی مشترکہ قرارداد کی نفی ہے، فوجیوں کی تعداد بھی نہیں بتائی گئی، معاملہ وضاحت طلب ہے۔جمعہ سینیٹ اجلاس کے دور ان پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت بابر نے ایوان میں سعودی عرب فوج بھیجنے سے متعلق اعلان کے بارے میں سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ پارلیمان کی مشترکہ قرار داد کے تناظر میں پاکستان کو یمن کے معاملے میں غیرجانبدار رہنا چاہیے فوج روانہ کرنے کا معاملہ وضاحت طلب ہے اور وہ اس سلسلے میں تحریک التوا پیش کرنا چاہیں گے۔اس پر چیئرمین نے وزیر دفاع کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔سینیٹر فرحت بابر کا کہنا تھا کہ فوج کے مطابق یہ فوجی مشترکہ معاہدے کے تحت بھیجے جائیں گے لیکن انکی تعداد نہیں بتائی ہے۔انہوں نے فوجی ترجمان کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے مطابق یہ ایک ڈویژن سے کم ہوں گے لیکن دس کم ہو گے یا بیس یہ وضاحت نہیں کی گئی ہے، غالب امکان یہی ہے کہ ایک بریگیڈ اور ڈویڑن کے درمیان فوجی ہونگے۔اعلان کے وقت سے متعلق فرحت بابر نے کہا کہ یہ فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور سعودی سفیر کے درمیان ملاقات اور فوجی سربراہ کے سعودی عرب کے گذشتہ ماہ تین روزہ غیراعلانیہ دورے کے بعد سامنے آیا ہے۔سینیٹر فرحت بابر نے کہا کہ یہ معاملہ بڑا سنگین ہے۔ اس پر چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے وزیر دفاع کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیر کو پاکستان کی طرف سے سعودی عرب کے لئے فوجی دستے بھجوانے کے اعلان پر ایوان کو اعتماد میں لیں۔بعض وزارتوں سمیت مختلف اخبارات، ٹی وی چینلز اور اشتہاری ایجنسیزکے ذمہ سرکاری کی 3ارب 17کروڑ 63لاکھ 99ہزار 115روپے کی رقم واجب الادا ہے، جمعہ کو سینٹ میں وقفہ سوالات کے دوران سنیٹر چوہدری تنویر خان کے سوال کہ ان سرکاری اور نجی شعبوں کے اداروں کے نام کیا ہیں جن پر سرکاری ٹی وی کے بقایا جات واجب الادا ہیں کے تحریری جواب میں وزارت اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ 30نومبر 2017ء کو (پی ٹی وی ، ہوم، سپورٹس، نیوز، انگلش اور سی ایچ تھری) کے وزارت مذہبی امور ،وزارت اطلاعات ، وزارت سیاحت ، ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر (ایچ وائی ڈی) سمیت 234 اخبارات، ٹی وی چینلز اور اشتہاری ایجنسیز کے ذمہ واجب الادا ہیں، انفرادی طور پر واجب الادا یہ رقم 1210روپے سے لیکر 32کروڑ 46لاکھ 77ہزار 770روپے تک ہے ، بعض کے کیسز عدالتوں میں ہیں ، سنیٹر طلحہ محمود کے سوال کے تحریری جواب میں وزارت اطلاعات و نشریات نے ایوان کو بتایا کہ گزشتہ تین سالوں 2015 تا 2017کے دوران سرکاری ٹی وی کی جانب سے 17ڈرامے خریدے گئے ، جن کی لاکھوں روپے قیمت ادا کی گئی۔

تازہ ترین