• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرون ملک جائیدادوں اور بینک اکائونٹس سے متعلق پوچھ گچھ کی راہ میں عالمی رکاوٹ حائل

Todays Print

اسلام آباد(اشرف ملخم)بیرون ملک جائدادوں اور بینک اکائونٹس سے متعلق پوچھ گچھ کی راہ میں عالمی رکاوٹ حائل ہوگئی ہے۔او ای سی ڈی معاہدے کے تحت حاصل کردہ معلومات کا استعمال ٹیکس کے سوا کسی دوسرے معاملے میں نہیں کیا جاسکتا۔ذرائع کے مطابق ان معلومات کو بطور ثبوت کسی عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی اس کی بنیاد پر فوجداری مقدمات قائم کیے جاسکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق،ادارہ برائے اقتصادی تعاون اور ترقی کے معاہدے(او ای سی ڈی) کے تحت ادارے کا کوئی بھی رکن ملک اپنے شہریوں سے بیرون ملک ان کی جائداد اور بینک اکائونٹس سے متعلق معلومات ملنے پر ان سے پوچھ گچھ نہیں کرسکتا۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق، بحیثیت رکن او ای سی ڈی، تمام رکن ممالک قانون کےتحت پابند ہیں کہ او ای سی ڈی معاہدے کے تحت حاصل کردہ اشخاص کے نام عوامی سطح پر نہ لائے جائیں۔مزید یہ کہ ان معلومات کو بطور ثبوت کسی عدالت میں پیش بھی نہیں کیا جاسکتا۔اسی طرح اس معلومات کی بنیاد پر کسی بھی شخص/ادارے سے پوچھ گچھ نہیں کی جاسکتی۔اسی طرح او ای سی ڈی کے تحت حاصل کردہ معلومات کو اگر عوامی سطح پر لایا جائے یا اس کا استعمال عدالت یا ضابطہ فوجداری مقد ما ت میں کیا جائے تو ایسا ملک معاہدے کی پامالی کا مرتکب قرار پائے گا اور اس کی او ای سی ڈی کی رکنیت منسوخ کردی جائے گی اور مستقبل میں اس ملک کو کوئی معلومات فراہم نہیں کی جائیں گی ۔دی نیوز کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق، او ای سی ڈی کے تحت حاصل کردہ معلومات صرف ایسے فرد/ ادارےجن کے بیرون ممالک اثاثے یا بینک اکائو نٹس ہوں ، سے ٹیکس کے مقاصد کے لیے استعمال کی جاسکتی ہیں ۔ایف بی آر ذرائع نے اس نمائندے کو بتایا ہے کہ عدالت عظمیٰ کو بھی اس حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے اور ایف بی آر نے او ای سی ڈے کے تحت حاصل کردہ کسی قسم کی معلومات عدالت عظمیٰ کو فراہم نہیں کی ہیں ، جب کہ عدالت عظمیٰ نے بھی ایف بی آر کے عذر کو قبول کیا ہے۔اسی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے ادارے ، ایسے افراد کے خلاف جن کے بیرون ممالک اثاثے یا بینک اکائونٹس ہیں اقدام نہیں کررہے ہیں۔پاکستان حکام کو ملنے والی زیادہ تر معلومات فوٹی کاپیوں پر مشتمل ہیں ، جو کہ عدالت میں قابل قبول نہیں۔او ای سی ڈی معاہدے کے اطلاق کا جائزہ لینے کے لیے ایک وفد جلد اسلام آباد، پاکستان کا دورہ کرے گااور ایف بی آر اوردیگر متعلقہ اداروں سے ملاقات کرکے صورتحال کا جائزہ لے گا۔سوئٹزرلینڈسے تعلق رکھنے والے ایک شخص بھی پاکستان کا دورہ کرنے والے وفد میں شریک ہوں گے ۔ذرائع نے اس نمائندے کو بتایا ہے کہ او ای سی ڈی سے حاصل کردہ معلومات کے استعمال سے متعلق سوئٹزر لینڈ بہت سخت موقف رکھتا ہے کہ اس کا استعمال ٹیکس مقاصد کے سوا دیگر مقاصد کے لیے نہ ہو۔معاملے کی حساسیت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ایف بی آر نے اس معاملے کو خفیہ رکھنے کے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں ۔ایف بی آر اب ہر فلور کے لیے خصوصی کارڈز جاری کررہا ہے۔جب کہ دفاتر آنے والوں کو یہ بھی بتانا پڑ رہا ہے کہ وہ کس دفتر یا کس افسر سے ملنے آئے ہیں۔ایک سینئر عہدیدار نے اس نمائندے کو بتایا ہے کہ ہم او ای سی ڈی رکن ممالک کے ساتھ اس معاہدے کی پاسداری کے پابند ہیں اور ان معلومات کا استعمال ٹیکس مقاصد کے سوا دیگر حوالوں سے نہیں کیا جائے گا۔او ای سی ڈی کے وفد کے دورے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ہم نے رازداری برقرار رکھنے کے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں ، جو کہ ہمارے لیے بہت ضروری ہیں۔ایک سینئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ پاکستان صرف ایک کام کرسکتا ہے ، وہ یہ کہ ایسے فرد سے انسداد منی لانڈرنگ قانون کے تحت پوچھ گچھ کرے۔تاہم ایف بی آر کی جانب سے او ای سی ڈی معاہدے سے متعلق آگاہی فراہم کیے جانے کے بعد ہمیں اندازہ ہوچکا ہے کہ ہم پاکستان سے باہر جائدادیں اور اکائونٹس بنانے والوں کے خلاف کوئی اقدام نہیں کرسکتے۔

تازہ ترین