• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا،ایک بلین درخت لگائے جانے کا فارنزک ثبوت نہیں،جسٹس وجیہ

Todays Print

 اسلام آباد(نمائندہ جنگ )تحریک انصاف کے سابق سینئر رہنما جسٹس (ر)وجیہ الدین نے بلین ٹریز پروجیکٹ کے فرانزک شواہد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختو نخوا میں ایک بلین سے زائد درختوں کے لگائے جا نے کا کوئی فارنزک ثبوت موجود نہیں ہے،دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ اس پروجیکٹ کے آڈٹ کی ضرورت ہے اور خیبر پختو ن خوا حکومت کو بلین ٹری سونامی پروجیکٹ کے فارنزک شواہد پیش کرنے چاہئیں ،جب ان سے پوچھا گیا کہ کن شواہد کی بنا پر انہوں نے سوشل میڈیا پر یہ بیان دیا تھا کہ وہ عمران خان اور ان کی پارٹی کو تباہ کرسکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ وہ اس کی تفصیل میں نہیں جائینگے ،تاہم انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ بیان پی ٹی آئی حامی کے ایک سوال پر دیا تھا جس پر کہا گیا کہ عمران خان کو ان کیخلاف ایک مہم چلا نی چاہیے۔اس سے قبل سابق پی ٹی آئی رہنما نے اپنے لگاتار ٹوئٹس میں اپنے حامیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک اچھے سیلز مین ہیں لیکن سیاست تجارت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ مسلسل کہہ رہے ہیں کہ کے پی میں ایک ارب درختوں کا فارنزک ثبوت موجود نہیں ہے اور اب بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔ایک پی ٹی آئی حامی نے جسٹس وجیہ کی سوشل میڈیا پوسٹ پر جواب میں کہا کہ 240 ملین درخت بھی بہت ہیں ،پی ٹی آئی حامی نے کہا کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں اور آپ (جسٹس وجیہ )کو ایسے بات نہیں کرنا چاہیے۔جسٹس وجیہ نے کہا کہ مسئلہ یہ نہیں ہے کہ کتنے درخت لگے ہیں بلکہ بات یہ ہے کہ جس طرح انہوں نے دعویٰ کیا تھا یہ اس کے ایک چوتھائی ہیں۔ایک اور ٹوئٹ میں جسٹس وجیہ نے کہا کہ ان کیخلاف کچھ نہیں تھا کہ عمران خان ان کیخلاف کوئی مہم شروع کرینگے دوسری طرف عمران خان اور ان کی پارٹی دونوں تباہ ہوجائینگے ۔پی ٹی آئی حامی کا جواب دیتے ہوئے جسٹس وجیہ نے کہا کہ ایسا کیا ہے کہ عمران خان میرے خلاف مہم کرسکتے ہیں،اس کے برعکس میں ایسا بہت جانتا ہوں کہ عمران اور ان کی پارٹی تباہ ہوجائینگے۔

تازہ ترین