• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل فواد حسن فواد نیب میں پیش

Todays Print

لاہور (نیوزرپورٹر، آن لائن)آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل کے سلسلے میں وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد گزشتہ روز نیب کی تین رکنی کمیٹی کے سامنے پیش ہو گئے ۔ وہ لاہور نیب کو مطمئن نہ کرسکے جس پر 10 سوالات پر مشتمل سوال نامے کے تفصیلی جواب کے لئے انہیں پیر کو دوربارہ طلب کرلیاگیا ۔سابق ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احد خان چیمہ پیش نہیں ہوئے ، نیب ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے نیب حکام سے مزید مہلت مانگ لی ہے ۔ نیب حکام نےفواد حسن فواد سے آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی میں کم ٹینڈر بھرنے والی لطیف اینڈ کو کا لائسنس منسوخ کر کے ساکا اینڈ کمپنی کو ٹھیکہ دینے کے الزام کی تحقیقات کیں ۔ذرائع کے مطابق نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے فواد حسن فواد کو دس سوالات پر مشتمل سوالنامہ بھی دیا۔نیب ٹیم کاسوال تھا کہ آپ نے بطور وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری آشیانہ اقبال کے پروجیکٹ ڈائریکٹر پردباؤ ڈال کر ٹھیکہ منسوخ کرنے کا کہا؟ جس کے جواب میں فواد حسن نے کہا میں نے ایسا کچھ نہیں کیا ۔نیب کی تین رکنی ٹیم نے ڈیڑھ گھنٹہ تحقیقات کیں ۔فواد حسن فواد نے خودپر تمام الزامات کو مسترد کر دیا ۔ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد تین روز میں اپنا تفصیلی جواب داخل کرائیں گے ۔آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی کی تین ہزار کنال اراضی میں سے ایک ہزار کنال اراضی پر تیرہ سو پینسٹھ فلیٹ تعمیر کرنے کا ٹھیکہ دیا گیا جبکہ دوہزار کنال اراضی کمپنی کو تعمیراتی اخراجات کی مد میں دے دی گئی۔

تازہ ترین