• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لودھراں میں خدمت کی سیاست کامیاب ہوئی، تکبر ہار گیا،عوام نے اے ٹی ایم کو اکھاڑ پھینکا،شہباز شریف

Todays Print

لاہور(نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لودھراں میں خدمت کی سیاست کامیاب ہوئی، تکبر ہار گیا،عوام نے اے ٹی ایم کو اکھاڑ پھینکا، لودھراں کے عوام نے محبت اور محنت کیساتھ ایک درویش صفت انسان کو چن کرمحمد نوازشریف اورمجھے خرید لیا ہے ۔عمران خان جھوٹوں کے آئی جی ہیں ‘عوام جاننا چاہتے ہیں ان کی پیداکردہ بجلی چاندپر ہے مریخ پر۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ روز لودھراں میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شہبازشریف کا کہناتھاکہ لودھراں کے عوام نے تکبر ،غرور،جھوٹ ،الزام تراشی اورانتشار کی سیاست کو مسترد کر کے اے ٹی ایم مشین کو اکھاڑ کر دریائے ستلج میں پھینک دیا ہے‘شہباز شریف نے کہا کہ میں کئی سالوں سے بیواؤں،یتیموںاورغریب قوم کی محنت کی کمائی سے قرضے حاصل کر کے انہیں سیاسی بنیادوں پر معاف کرانے والوں کے بارے میں بات کررہا ہوں لیکن بدقسمتی سے کسی فورم پر اس کا نوٹس نہیں لیا گیا۔اربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والوں کے خلاف عوام کی عدالت نے انصاف کردیا ہے اورانہیں ضمنی انتخاب میں عبرت ناک شکست ہوئی ہے ۔یہ لوگ غرور اورتکبر میں کہتے تھے کہ ہم الیکشن جیتے ہوئے ہیں صرف فیصلہ اس بات کا ہونا ہے کے لیڈ 50ہزار کی ملتی ہے یا60ہزار کی۔تکبر کرنیوالوں کا غرور خاک میں مل گیا‘وزیراعلیٰ نے کہا کہ جھوٹوں کے آئی جی عمران نیازی نے لودھراں میں جلسہ سے تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہاں چوروں اورڈاکوؤں کی شکست ہوگئی ۔اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ چوروں اورڈاکوؤں کو شکست ہوگئی ہے ۔انہوںنے کہا کہ زرداری صاحب آپ نے اپنے دور حکومت میں بجلی کے منصوبے تو نہ لگائے لیکن پاکستان کی دولت کو ضرور لوٹا۔دوسری طرف خان صاحب کہتے ہے کہ ہم نے کے پی کے میں 74میگاواٹ بجلی پیدا کی ہے ۔خان صاحب عوام جاننا چاہتے ہیں کہ یہ بجلی چاند پر ہے یامریخ پر ،کیونکہ زمین پر تو یہ بجلی موجود نہیں۔آپ جھوٹوں کے آئی جی ہیں ،آپ نے کے پی کے میں ایک کلو واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی ہے ۔یہاں لوگ ہیلی کاپٹر میں آتے تھے اورلودھراں کے عوام کے ضمیر کو خریدنے کی کوشش کرتے تھے میں یہاں کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے ان کی رشوت کو ٹھکرایا‘لودھراں کے عوام نے جھوٹے خان صاحب سے ان کی خزانے کی مشین چھین لی ہے اب خزانہ علاقے کے عوام کی ترقی اورخوشحالی پر صرف ہوگا۔وزیراعلیٰ نے لودھراں میں پٹھان والا پر انڈرپاس،دنیا پوربائی پاس اورشہاب ابوطاہر پر اوور ہیڈ بریج بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمیں خرید لیا ہے خادم تو میں پہلے ہی آپ کا تھا اب مکمل خادم بن گیا ہوں ۔آپ جو حکم کریںگے ہم حاضر ہیں ۔میں نے وزیرمملکت عبدالرحمان کانجو سے کہا ہے کہ آپ اپنے ساتھیوں کو لیکر لاہور آئیں آپ کا جو بھی حکم ہوگا پورا کریںگے چاہے مجھے اس کیلئے اپنا کوٹ ہی کیو ں نہ بیچنا پڑے۔

تازہ ترین