• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راؤانوارسے متعلق آصف زرداری کے بیان پر پشتون جرگے کاشدیدردعمل سابق صدرنے معذرت کرلی

Todays Print

اسلام آباد (ایجنسیاں)سابق ایس ایس پی ملیر راؤانوارسے متعلق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے بیان پر پشتون گرینڈجرگے کا شدید ردعمل‘سابق صدرنے اپنے ریمارکس پر معذرت کرلی ۔پختون گرینڈ جرگے کے ترجمان سیف الرحمن نےکہاہے کہ آصف علی زرداری نے رائو انور کو بیگناہ اور ہیرو بنا کر پیش کیا ہے، وہ نقیب اللہ محسود اور کراچی میں آباد پشتون اور دیگر قومیتوں کے مظلوم افراد کا قاتل اور انکاؤنٹراسپیشلسٹ ہے‘انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے بیان سے متاثرہ خاندانوں کی دل آزاری ہوئی ہے ،پشتون گرینڈ جرگہ پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت اور آصف زرداری سے بیان کی وضاحت کا مطالبہ کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک قومی دھارے کی جماعت ہے،ہم سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ مظلوم اور پسے طبقات کیلئے پارلیمنٹ میں اور باہر آواز اٹھائی لیکن آصف زرداری کے اس بیان نے پیپلز پارٹی کے کردار کو مشکوک بنا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے بیان سے تاثر ملتا ہے نقیب اللہ اور دیگر ماورائے عدالت قتل ہونیوالے افراد کے معاملے پر سندھ حکومت ، پولیس وردی میں ملبوس رائو انوار جیسی کالی بھیڑوں کی پشت پناہی کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے بیان میں میڈیا ، اعلی عدلیہ اور سندھ پولیس کے کردار کو مشکوک بنانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ دوسری جانب آصف علی زرداری نے سابق ایس ایس پی ملیرراؤانوارسے متعلق اپنے ریمارکس پر افسوس کا اظہارکیاہے۔ پارٹی ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ آصف علی زرداری نے یہ الفاظ غلطی سے ادا کئے اور اگر کسی کو اس سے تکلیف پہنچی ہے تو وہ اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ سابق صدر نے ایک دوسرے انٹرویو میں یہ بات تسلیم کی کہ رائو انوار کے متعلق ان کے الفاظ سہواً ادا ہوئے‘ماورائے عدالت قتل گھناؤنا جرم ہے جس کی کوئی معافی نہیں۔ سابق صدر نے ماورائے عدالت قتل کو مجرمانہ، قابل نفرت اور ناقابل تسلیم قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ جو لوگ بھی اس میں ملوث ہیں انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زبردستی غائب کر دینا اور ماورائے عدالت قتل ایک جیسے جرائم ہیں۔ یہ بات کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ پیپلزپارٹی ایسے اقدامات کو کسی بھی حالت میں سپورٹ کرے گی۔ ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر پارٹی کا ریکارڈ خود بولتا ہے۔ سابق صدر کو اس بات کا احساس ہے کہ گفتگو کی روانی میں ان کے الفاظ سے تکلیف پہنچی ہوگی اور وہ اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔

تازہ ترین