• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے پی : بلامقابلہ سینیٹر بنانے کیلئے اپوزیشن کو 5نشستوں کی پیشکش

پشاور( گلزار محمد خان) خیبر پختونخوا حکومت نے سینٹ انتخابات کے دوران چمک کے عمل دخل ، ووٹوں کی ممکنہ خرید و فروحت کے رجحان کی حوصلہ شکنی اور افہام و تفہیم کے ذریعے’’ بلا مقابلہ‘‘ نئے سینیٹرز کے انتخاب کیلئے اپوزیشن کو 5نشستوں کی پیشکش کر تے ہوئے سیٹوں کی تقسیم کا فارمولا پیش کردیا ہے ، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی جانب سے تیارکردہ فارمولا کی روسے تحریک انصاف کو سینٹ کی گیارہ نشستوں میں 6نشستیں ملیں گی جن میں 4جنرل ، ایک ٹیکنوکریٹ اور ایک خواتین کی نشست شامل ہوگی جبکہ اپوزیشن کے حصہ میں 3جنرل ، ایک ٹیکنوکریٹ اور ایک خواتین کی نشست آئیگی ، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی ’’ بلا مقابلہ ‘‘ انتخاب کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو گرین سگنل دے دیا ہے جس کے بعدوزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور صوبائی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور اپوزیشن لیڈر مولانا لطف الرحمان کیساتھ رابطہ کرکے سینیٹ انتخابات کیلئے مشترکہ حکمت عملی طے کرنے کی تجویز اور اپوزیشن کو اس کے حجم کے مطابق حصہ دینے کی باضابطہ پیشکش کردی ہے،ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے3مارچ کو ہونے والے ایوان بالا کے انتخابات کے دوران’’ ممکنہ ہارس ٹریڈنگ‘‘ کی روک تھام اور افہام و تفہیم سے بلا مقابلہ نئے سینیٹرز کے چناؤ کیلئے نہ صرف صوبائی اسمبلی میں موجود تمام جماعتوں کیساتھ مشاورت اور رابطوں کا فیصلہ کیا ہے بلکہ نشستوں کی تقسیم کا فارمولا بھی تیار کرلیا ہے جس کے تحت حکومت نے اپوزیشن کو پانچ نشستیں دینے پر آ مادگی ظاہر کی ہے، اس سلسلے میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے تصدیق کرتے ہوئے ’’ جنگ‘‘ کو بتایا ہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن کو پانچ نشستوں کی پیشکش کرتے ہوئے ان سے درخواست کی ہے کہ افہام و تفہیم سے سینیٹرز کا انتخاب کرکے سیاست کو بدنامی سے بچایا جائے کیونکہ یہ تمام پارٹیوں کے مفاد میں ہے۔
تازہ ترین