• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل، ”جیوسوپر“ کل سے تمام میچز براہ راست دکھائےگا

Todays Print

کراچی (محمد ناصر) کرکٹ کی رنگینیاں اپنے جوبن پر آگئی ہیں اور شائقینِ کرکٹ کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے میں صرف ایک روز باقی ہے کیونکہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے ایونٹ ”پاکستان سپر لیگ“ کے ”سیزن 3 “ کا باقاعدہ آغاز جمعرات 22فروری سے دبئی میں ہورہا ہے۔چھ ٹیموں کے 24 دِن کانٹے دار مقابلے،رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے بعد چھکے اور چوکوں کی بارش ہو گی،پہلا میچ پشاور زلمی اور ملتان سلطان کے درمیان ہوگا،میچ پر ”سپرآئی“ میں ماہرین اپنا تجزیہ پیش کرینگے، ”لاہور قلندرز، کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ ، پشاور زلمی ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطان“ یہ چھ ٹیمیں اس بڑے ایونٹ کا حصہ ہیں جن کے درمیان 24دِن میں 34 کانٹے دار مقابلے ہوں گے جو25 مارچ تک جاری رہیں گے۔ پاکستان کا پہلا نجی اسپورٹس چینل ”جیوسوپر“ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب سمیت تمام مقابلے کرکٹ کے دیوانوں کیلئے براہ راست نشر کرے گا۔ اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے ”جیوسوپر“ نے اس بار بھی کرکٹ کے منچلوں کےلئے خصوصی اہتمام کیا ہے۔ ناظرین کو ہر کھیل اور کھلاڑی کی کارکردگی سے باخبر رکھنے کیلئے بیک وقت اسٹیڈیم اور اسٹوڈیوز سے باخبر رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایونٹ کے ہر میچ کے آغاز اور اختتام پر جیو سوپر کے پروگرام ”سپرآئی“ میں ماہرین کی موجودگی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے خصوصی تبصرہ اور تجزیہ بھی پیش کیا جائے گا۔ چھوٹی کرکٹ کی اس بڑی جنگ (ٹی ٹوئنٹی)میں دُنیائے کرکٹ کے نامور ستارے حصہ لے رہے ہیں۔ عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں سمیت ہر کھلاڑی پی ایس ایل کا حصہ بن کر فخر محسوس کررہا ہے اور پُر عزم حوصلے کے ساتھ ایونٹ میں شاندار کارکردگی کو بنیاد بنا کر دھوم مچانے کیلئے بے تاب ہے۔ ٹیموں نے ایک دوسرے سے ٹکرانے کیلئے بھر پور تیاریاں کر رکھی ہیں جبکہ کپتان بھی کمبی نیشن سے مطمئن اور جیتنے کیلئے پُر عزم ہیں۔ پی ایس ایل کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب دبئی کے اسٹیڈیم میں شام ساڑھے7 بجے شروع ہوگی ۔ فرنچائز کے مالکان ، یو اے ای کے حکمران، آئی سی سی حکام، فرنچائزز کی انتظامیہ سمیت غیر ملکیوں کی بڑی تعداد افتتاحی تقریب میں شرکت کرے گی۔ افتتاحی تقریب ختم ہونے کے بعد پی ایس ایل کا میلہ باقاعدہ طور پر شروع ہو جائے گا جس میں چھکوں کی بارش ہوگی، چوکوں کا طوفان آئے گا اور وکٹیں بھی اُڑتی نظر آئیں گی۔ پہلا میچ دبئی کے میدان میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور ملتان سلطان کے درمیان رات 10 بجے شروع ہوگا ۔ پی ایس ایل سیزن 3 میں پاکستانیوں کیلئے سب سے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ اس ایونٹ کے دو مقابلے لاہور جبکہ آخری معرکہ 25 مارچ بروز اتوار کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شام ساڑھے 6 بجے کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین