• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نجی بینک کیخلاف پروپیگنڈا، سابق چیئرمین ایس ای سی پی کی گرفتاری کا حکم

Todays Print

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت نے نجی بینک اور نجی کمپنی کیخلاف میڈیا پر من گھڑت ، بے بنیاد اور جھوٹا پروپیگنڈا کرنے کے الزام میں ملوث سابق چیئرمین سیکورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان خلیل مسعود کے طلبی کے باوجود مسلسل غیر حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے اور حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملزم کو گرفتار کرکے 10؍ مارچ کو عدالت میں پیش کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق دو روز قبل ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں نجی بنک جے ایس اور نجی کمپنی کی جانب سے دائر کردہ نجی استغاثہ کیس کی سماعت ہوئی تو فاضل جج نے ملزم سابق چیئرمین سیکورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان خلیل مسعود کے متعلق دریافت کیا کہ کیا ملزم کورٹ میں موجود ہیں؟ عدالتی عملے نے بتایا کہ ملزم تاحال غیر حاضر ہے جس فاضل جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملزم کیخلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 28 (E) سیکشن 75؍ اور 76؍ کے تحت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ واضح رہے کہ اس قبل عدالت کی جانب سے متعدد بار ملزم خلیل مسعود کو طلبی کے نوٹس جاری کرچکی ہے لیکن ملزم خلیل مسعود عدالت میں حاضر ہوا نہ ہی عدالت کو اپنی غیر حاضری سے متعلق کوئی عذر پیش کرسکا۔ نجی بینک اور نجی کمپنی کی جانب سے فاضل عدالت میں نجی استغاثہ دائر کیا گیا ہے جس میں سابق چیئرمین سیکورٹی ایکسچینج کمیشن خلیل مسعود سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا ہے 2014ء میں نجی بینک اور نجی کمپنی کے خلاف بے بنیاد جھوٹا اور منفی پروپیگنڈا کے لئے نجی ٹی وی (اے آر وائی نیوز) کے پروگرام کھرا سچ میں میزبان مبشر لقمان کے ساتھ مل کرسابق چیئرمین سیکورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان خلیل مسعود نے باقاعدہ مہم چلائی جس کا مقصد نجی بینک اور نجی کمپنی کی ساکھ کو خراب کرنا تھا اس مہم میں ملزم خلیل مسعود نے کھل کر حملے کئے جس کے نتیجے میں پورے نجی بینک اور نجی کمپنی کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے لہٰذا فاضل عدالت کارروائی عمل میں لائے اور مدعی کو انصاف فراہم کیا جائے۔

تازہ ترین