• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس کا پاکستان کو ایل این جی فراہم کرنے پر غور،دہشت گردی کیخلاف یکساں موقف

ماسکو (جنگ نیوز، ایجنسیاں) روس نے پاکستان کو قدرتی مائع گیس(ایل این جی) کی فراہمی پر غور شروع کردیا۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے مطابق ان کا ملک پاکستان کو اپنی توانائی سے متعلق مسائل پر قابو پانے میں مدد دے سکتا ہے۔ منگل کو اپنے پاکستانی ہم منصب خواجہ محمد آصف سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ترجیحات میں کراچی تا لاہور گیس پائپ لائن کی تعمیر بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ روسی سرکاری گیس کمپنی’’گیز پروم‘‘ کے ذریعہ ایل این جی فراہمی کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے پاکستان بہترین جگہ ہے۔ کیونکہ اس خطے سے روس کے تاریخی تعلقات ہیں۔ لاوروف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اسلام آباد نے اہم کردار ادا کیا ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور روس دہشت گردی کیخلاف یکساں موقف رکھتے ہیں۔ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر دوسروں کی جنگ نہیں لڑ سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔افغانستان میں داعش کوروکنے کیلئے روس اور پاکستان کا موقف یکساں ہے ۔ پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہوا لیکن اس کے باوجود پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پیچھے نہیں ہٹا۔ پاکستان کی سیکورٹی فورسز اور عوام نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں،ہم خطے میں امن اور استحکام چاہتے ہیں۔
تازہ ترین