• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی اکائونٹس تفصیلات فریق کودینے کی درخواست پرفیصلہ محفوظ

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی مبینہ غیر ملکی فنڈنگ کیس میں اکاونٹس تفصیلات فریق کو دینے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تحریک انصاف کی درخواست پر فیصلہ 7 مارچ کو سنایا جائے گا۔ الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا کہ اکائونٹس تفصیلات مخالف فریق کو دینی ہیں یا نہیں جبکہ تحریک انصاف کے وکیل کا موقف ہے کہ تفصیلات درخواست گزار کو نہیں دی جاسکتیں۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے سماعت کی۔تحریک انصاف کے وکیل انور منصور اور فنانس سیکرٹری سردار اظہر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ شروع دن سن رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن کورٹ یا ٹربیونل نہیں تو کیا ہم نہ سنیں۔انور منصور نے کہا کہ آپ سن سکتے ہیں لیکن الیکشن کمیشن اور متعلقہ پارٹی کے درمیان کوئی نہیں آئے گا۔ ہماری اکاونٹس کی تفصیلات درخواست گزار کو نہیں دی جا سکتیں۔ تحریک انصاف کے وکیل نے نعیم الحق اور اکبر ایس بابر کی ٹیلیفونک بات چیت الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کر دی۔ وکیل اکبر ایس بابر احمد حسن نے کہا کہ موجودہ تفصیلات میں غیر ملکی اکائونٹس سے رقم آئی ہے۔2 ملین ڈالرز امریکہ میں جمع ہوئے۔ تحریک انصاف کے پارٹی اکاونٹس کی تفصیلات تھرڈ پارٹی سے آڈٹ کروا لیں۔ انور منصور نے اکبر ایس بابر کو پارٹی اکائونٹس کی تفصیل نہ دینے کی درخواست دائر کر دی۔احمد حسن نے کہا کہ تحریک انصاف کی درخواست مسترد کی جائے۔ ہمیں تحریک انصاف کی پارٹی اکائونٹس کی جمع شدہ دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے۔ انور منصور نے کہا کہ آپ کو جو تفصیلات چاہئیں، دیں گے۔آپ اپنی مرضی کا آڈیٹر ذمقرر کریں اور اکائونٹس کا جائزہ لیں۔ الیکشن کمیشن نے اکائونٹس تفصیلات مخالف فریق کو دینے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
تازہ ترین