• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، 5سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل مشتعل ہجوم نے ملزمان کو ہلاک کردیا

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت میں مشتعل ہجوم نے پانچ سالہ بچی کیساتھ زیادتی کے بعد اسے قتل کرنے کے الزام میں گرفتار دو ملزمان کو پولیس اسٹیشن سے نکال کر تشدد کرکے ہلاک کردیا۔ پولیس نے منگل کے روز بتایا کہ واقعہ بھارت کی شمالی ریاست ارونا چل پردیش میں پیش آیا۔ بچی لوہت ڈسٹرکٹ سے لاپتہ ہوگئی تھی اور اس کی لاش برآمد ہونے کے بعد لوگوں میں شدید غم غٖصہ تھا۔ دونوں ملزمان کھیتوں میں کام کرتے تھے اور ان کا تعلق ریاست آسام سے تھا جنھیں پولیس نے پوچھ گچھ کیلئے گرفتار کیا تھا تاہم اس دوران پیر کے روز سیکڑوں کی تعداد میں مشتعل ہجوم نے تھانے پر دھاوا بول دیا جو ہتھیاروں سے لیس تھے، انہوں نے پتھرائو بھی کیا۔ لوہت پولیس اسٹیشن کے چیف پیرتین نے غیر ملکی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ مشتعل ہجوم نے پولیس اسٹیشن کو بھی نقصان پہنچایا، وہ ملزمان کو چھڑا کر اپنے ساتھ لے گئے جس کے بعد اسے ڈنڈوں، ہتھوڑوں سے مار مار کر اور پتھرائو سے ہلاک کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے میں 15 افراد زخمی بھی ہوئے جس میں بیشر پولیس اہلکار شامل تھے۔ تاحال اس واقعے میں ملوث کسی فرد کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش 30 اور 25 سالہ ملزمان نے قتل اور ریپ کا اعتراف کرلیا تھا اور ان پر فرد جرم بھی عائد کردی گئی تھی۔ لڑکی کی لاش ملزمان کے رہائشی علاقے سے برآمد ہوئی تھی۔
تازہ ترین