• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ یورپین الیکشن تک پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس کی توثیق

برسلز(حافظ انیب راشد ) آئندہ یورپین الیکشن تک پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس کی توثیق کر دی گئی ہے۔ اس بات کی تصدیق یورپین پارلیمنٹ میں فرینڈز آف پاکستان گروپ کے چئیرمین ڈاکٹر سجاد کریم ایم ای پی نے یورپین پارلیمنٹ میںنمائندہ جنگ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئےکہی ۔ انہوں نےبتایا کہ پارلیمنٹ کی جی ایس پی پلس مانیٹرنگ کمیٹی کے چیئرمین کرسٹوفر فلنر ایم ای پی ،سائوتھ ایشیا ٹریڈ مانیٹرنگ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر سجاد کریم ایم ای پی اور یورپین پارلیمنٹ کی انٹرنیشنل ٹریڈ کمیٹی کے سربراہ برنارڈ لانگے کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ تین ممالک میانمار،فلپائن اور کمبوڈیا کے علاوہ پاکستان سمیت باقی سات ممالک کیلئے آئندہ یورپین الیکشن تک جی ایس پی پلس سکیم جاری رہے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مخالف قوتوں نے آخر دم تک یہ کوشش کی کہ پاکستان کو بھی ان تین ممالک کے ساتھ نتھی کیا جائے لیکن ان کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہوئیں پاکستان کی جانب سے یورپین یونین کو آگاہ کیا جاتا رہا ہے کہ پاکستان ان بین الاقوامی 27کنونشنز پر عملدرآمد کیلئے مسلسل قانون سازی کر رہا ہے دوسری جانب سیکٹری تجارت محمد یونس ڈھاگا کی قیادت میں پاکستانی وفد نے جی ایس پی پلس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی اور اپنا موقف بیان کیا ۔جہاں انکی معاونت بلجیم لکسمبرگ اور یورپین یونین کے لئے پاکستانی سفیر نغمانہ عالمگیر ہاشمی، ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد آصف میمن، برسلز میں تعینات اکنامک منسٹر عمر حمید اور قونصلر ثاقب رئوف نے کی ۔علاوہ ازیں سفارتی ذرائع کے مطابق سیکٹری تجارت محمد یونس ڈھاگا کی قیادت میں یورپین پارلیمنٹ کی انٹرنیشنل ٹریڈ کمیٹی میں شامل وفد نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان اس جی ایس پی پلس سکیم سے آگے بڑھ کر یورپین یونین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ FTA کرنے کا خواہشمند ہے ۔ جس پر کمیٹی نے مستقبل میں اس کا جائزہ لینے کا عندیہ دیا ۔ سیکرٹری تجارت نے انٹرنیشنل ٹریڈ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس اور دیگر پارلیمانی پالیسی میکرز سے ملاقات کی ۔ جبکہ آج وہ یورپین کونسل کے متعلقہ حکام کو بریفنگ دیں گے ۔ ذرائع کے مطابق آئ این ٹی اے کمیٹی کے اجلاس میں شامل ارکان نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اس سکیم کے ذریعے دی جانے والی رعایتوں کا مستفید ہونے والے ممالک کی معیشتوں پر مثبت اثر پڑا ہے ۔
تازہ ترین